سرینگر//پی ڈی ایف سربراہ اور ایم ایل اے خانصاحب حکیم محمد یاسین نے خانصاحب کے آس پاس کے علاقوں میں ہوئی ژالہ باری سے میوہ باغات کو ہوئے نقصانات پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی سرکار اور ضلع انتظامیہ فوراً ایک سروے ٹیم متاثرہ علاقوں کو روانہ کرکے نقصان کا تخمینہ لگا کر مستحقین کو فوری امداد واگذار کرے تاکہ باغ مالکان کو ہوئے نقصان کا کچھ حد تک ازالہ ہوسکے۔حکیم یاسین نے کہا کی پچھلے کچھ دِنوں سے وادی کے طول و عرض میں طوفانی بارشوں اور ژالہ باری نے میوہ صنعت اور شعبہ زراعت کو شدید نقصان پہنچایا اور بدقسمتی سے ریاستی سرکار بروقت ٹھوس اقدامات کرنے میں پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ انہوںنے کہا ” سرکار کو چاہئے کہ ناگہانی آفت کی وجہ سے میوہ صنعت اور زراعت کو جو نقصان پہنچا اسکی تلافی کےلئے فوری طور معاوضے کااعلان کیاجائے ۔