بٹوت //ریاست کے سابقہ وزیر اعلیٰ اورملک کے نامور کانگریسی رہنما غلام نبی آزاد اپنے آبائی خطے چناب میں اپنی آمد کے ابتدائی مر حلے میں پیر کی دو پہر قصبہ بٹوت میں پہنچے ۔ آزاد نے تقریباً دو گھنٹے تک قصبہ بٹوت میں اپنے قیام کے دوران اان سے ملاقات کے منتظر قصبہ بٹوت پتنی ٹاپ اور کد کے سینکڑوں عوامی وفود سے ملا قات کی۔ اس موقع پر کانگریسی رہنما نے ناشری چنہنی ٹنل کی تعمیر کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ سے کٹ کر سخت اقصادی مسائل و مشکلات سے دو چار قصبہ بٹوت کے دکاندار پیشہ لوگوں سے ملا قات کر نے ان کی دکانوں پر پیدل چل کر گئے ۔ ٹنل کی تعمیر کی وجہ سے اپنے رو زگار سے محروم ہو ئے سینکڑوں کنبوں کے افراد نے کانگریس کے رہنما کو درپیش مشکلات سے تفصیلاً آگاہ کیا اور ان سے اپیل کی کہ وہ اُن کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لئے اپنا سیاسی اثر ورسوخ استعمال کریں ۔ اس موقع پر سابقہ وزیراعلیٰ نے قصبہ بٹوت کد پتنی ٹاپ کے مسائل سے دو چار لوگوں کو مکمل یقین دہانی کرائی کہ وہ اُن کو ٹنل کی تعمیر سے پیدا شدہ مشکلات و مسائل سے پوری طرح با خبر ہیں اور وہ ذاتی طور پر بٹوت پتنی ٹاپ اور کد قصبے کے عوام کو درپیش مسائل و مشکلات کے ازالے کے لئے ہر ممکن کو شش اور اقدامات کریں گے ۔ اس موقع پر آزاد نے ریاستی مخلوط حکومت کو مخاطب کر تے ہوئے کہاکہ وہ جموں سرینگرشاہراہ پر ناشری چنہنی ٹنل کی تعمیر سے شاہراہ سے کٹ گئے بٹوت پتنی ٹاپ اور کد قصبہ کے لوگوں کے لئے پیدا شدہ مسائل کی جانب خصوصی توجہ دے اور لوگوں کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لئے حکومتی سطح پر ہنگامی اقدامات کرے تاکہ ان متاثرہ قصبہ جات کے لوگوں کو رو زگار کی تلاش میں اپنے قصبہ جات سے ہجرت کا راستہ اپنا نے پر مجبور نہ ہو نا پڑے ۔ اس موقع پر سابقہ وزیراعلیٰ کے ہمراہ ممبر اسمبلی غلام محمد سروڑی ، سابقہ ممبر اسمبلی بھدرواہ محمد شریف نیاز اور مقامی کانگریس لیڈر محمد اقبال میر ، محمد عارف سلاریہ ، شارخ بھٹی و کانگریس خواتین ونگ ضلع رام بن کی صدر نریندر کور اور سابقہ کانگریسی ایم ایل اے رام بن ماسٹر اشوک کمار بھی تھے ۔