جمائیکا// پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق (ناٹ آؤٹ99) بھلے ہی یہاں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹسٹ کے چوتھے دن صرف ایک رن سے اپنی ٹسٹ سنچری سے چوک گئے ہوں لیکن پاکستان نے پہلی اننگز میں 121 رن کی سبقت کے بعد میزبان ٹیم کی دوسری اننگز میں 93 رن پر چار وکٹ گرا کر میچ میں جیت کے امکانات روشن رکھے ہیں ۔ پاکستان کی پہلی اننگز میں کل کے پانچ رن پر ناٹ آؤٹ مصباح صبح اپنی اننگز کو آگے بڑھاتے ہوئے 99 رن تک لے گئے ۔ بدقسمتی سے وہ 99 رن پر ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے اپنے 11 ویں ٹسٹ سنچری سے چوک گئے ۔ پاکستان کی پہلی اننگز چائے کے وقفہ سے پہلے 407 رن پر سمٹ گئی۔ محمد عباس ایک رن بنا کر آخری بلے باز کے طور پر آؤٹ ہوئے اور دوسرے اینڈ پر کھڑے مصباح ڈرامائی انداز سے اپنی سنچری سے چوک گئے ۔ مصباح نے 223 گیندوں پر پانچ چوکے اور تین چھکے لگائے ۔ پاکستان کی جانب سے سرفراز احمد نے 54 رن اور اسد شفیق نے 22 رن بنائے ۔ شینن گیبریئل کو 92 اور الزاری جوزف کو 71 رن پر تین تین وکٹ ملے ۔ ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز میں ایک وقت ایک وکٹ پر 72 رن بنا لئے تھے لیکن اگلے 17 رنوں پر تین وکٹ مزید گنوا کر وہ دن کے اختتام پر 93 رن پر چار وکٹ کے اسکور کے ساتھ مشکل میں پھنس گیا ہے ۔ وہ پاکستان کی پہلی اننگز کے اسکور سے اب بھی 28 رن پیچھے ہے اور اس کے چھ وکٹ محفوظ ہیں۔ اس طرح پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 121 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد یاسر شاہ کی بہترین بالنگ کی بدولت میزبان ٹیم کے چار بلے بازوں کو 93 رنز پر آؤٹ کرکے اپنی پوزیشن مستحکم کرلی۔