سرینگر//جمعیۃ اہل حدیث کے سابق سربراہ مرحوم مولانا شوکت احمد شاہ کی والدہ ماجدہ کے انتقال پربدھ کو تعزیتی ودعائیہ مجالس کااہتمام کیاگیاجس دوران سماج کے مختلف حلقوں سے وابستہ اشخاص نے لال بازار جاکر مرحومہ کو خراج عیقت پیش کیا اور لواحقین کی ڈھارس بندھائی۔ فریڈم پارٹی کے محبوس سربراہ شبیر احمد شاہ کی ہدایت پر سیکرٹری جنرل مولانا محمد عبداللہ طاری ، مولانا بشیر احمد شاہ اورانجیر فاروق احمد خان نے لال بازار جاکر تعزیت کی۔اس موقع پر مولانا طاری نے مرحومہ کے لواحقین تک شبیر احمد شاہ کا تعزیتی پیغام پہنچایا اور موت و حیات کے فلسفہ پر روشنی ڈالی۔انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغاسید حسن الموسوی الصفوی نے مرحومہ کے بلند درجات اور جنت نشینی کی دعا کی۔انہوںنے کہا کہ مرحومہ ایک صالح کردار اور دیندار خاتون تھی، جس نے اپنی اولاد کی بہترین تربیت کرکے اس قوم کومولانا شوکت احمد شاہ جیسا عالم دین دیا جس نے دین اورشریعت کی تشہیر و تبلیغ اور ملت کشمیر کے اتحاد و اخوت کیلئے اپنی جان تک قربان کی۔تحریک کشمیر کے صدر جنرل موسیٰ نے لال بازار جاکر اظہار تعزیت کیااور لواحقین کی ڈھارس بندھائی اور مرحومہ کے لئے دعاء مغفرت کی۔ پیپلز پولیٹکل فرنٹ عبدالمجید وانی اورغلام حسن شامل مرحومہ کے اقارب و احباب کے ساتھ تعزیت،ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ اسلامک پولٹیکل پارٹی کے سربراہ محمد یوسف نقاش نے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا ۔ڈی پی ایم کے جنرل سیکرٹری خواجہ فردوس وانی نے تعزیتی مجلس میں شرکت کی ۔