سرینگر//سرینگر شہرمیں تین بڑی سکیموںکی شروعات کے ساتھ ہی اٹل مشن فار ریجنوویشن اینڈ اربن ٹرانسفارمیشن ( امرت) کے تحت ڈرنیج سکیم پر کام کل شروع کیا گیا۔ ان پروجیکٹوں میں اندرا نگر، لال چوک،شالہ ٹینگ کیلئے ڈرنیج سکیموں کے کام شامل ہیں جن پر 30کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔اس پروجیکٹ کے تحت جو دیگر سکیمیں عملائی جارہی ہیں اُن میں گنگ بگ، جیلان آباد پیر باغ ، پالہ پورہ اور ملہ باغ ڈرنیج شامل ہیں ۔ ان سکیموںکی عمل آوری سے سرینگر شہر میں ڈرنیج کی صورتحال مجموعی طور پر بہتر ہوگی۔دریںاثنا سرینگر شہر کے لئے عالمی بینک معاونت کے تحت 300کروڑ روپے کے فنڈس حتمی مرحلے میں ہیں جن میں شہر کے موجودہ پمپ سٹیشنوں کو فروغ دینا شامل ہے۔شہر کی دیگر ڈرنیج ضروریات کو جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے تحت پورا کیا جارہا ہے اور حکومت کا مقصد اگلے دو برسوں کے اندر 100فیصد اہداف حاصل کرنا ہے۔سرینگر میونسپل کارپوریشن نے شہر میں بند ہوئی ڈرینوں کی صفائی کا کام شروع کیا ہے۔ بڑے پیمانے پر شروع کئے گئے اس عمل کا مقصد ایسی ڈرینوں سے ٹھوس کوڑا کرکٹ صاف کرنا ہے۔