ریاسی//خزانہ اور منصوبہ کے وزیر اجے نندا نے کہا ہے کہ خانہ بدوشوں کو ہر طرح کی مدد دی جائے گی تاکہ وہ بلا کسی رکاوٹ کے ایک جگہ سے دوسری جگہ تک نقل و حمل کرسکے۔ریاسی میں پولیس اور سول انتظامیہ کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ ہر طرح کے شر پسند عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ضلع ترقیاتی کمشنر ریاسی رویندر کمار ، ڈی آئی جی ادھمپور وریندر شرماکے علاوہ کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔وزیر نے افسروں کو ہدایات دیں کہ وہ مناسب جانچ کے بعد قوانین کے مطابق مویشیوں کی ٹرانسپورٹیشن کے اجازت نامے جاری کریں تاکہ ناخوشگوار واقعات کے خدشات کو دور کیا جاسکے ۔اس موقعہ پر پولیس افسروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ مویشیوں کی غیر قانونی ٹرانسپورٹیشن پر سختی سے نظر گزر رکھنے کے ساتھ ساتھ اُن بکر اور گجر والوں کی آزادانہ نقل و حمل کو بھی یقینی بنائیں جو اپنے مویشیوں کو چرانے کے لئے بالائی علاقوں کا رُخ کرتے ہیں۔وزیر نے سماج کے تمام طبقوں سے کہا کہ وہ متحد ہو کر ایسے عناصر کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہ ہونے دے جو امن و امان میں رخنہ ڈالنے پر تلے ہوئے ہیں۔دریں اثنا اجے نندا نے ریاسی ، پونی اور کٹرا علاقوں میں پانی ، بجلی اور راشن کی سپلائی و سٹاک پوزیشن کا جائزہ لیا۔