راجوری//راجوری میں پنتھرس پارٹی ضلع اکائی کی طرف سے پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں انہوں نے ریاسی میں خانہ بدوش طبقہ پر قاتلانہ حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ اس موقعہ پر ضلع صدر غلام مصطفی، جنرل سیکریٹری حاجی مشتاق احمد ، اشفاق رانا ضلع صدر پونچھ ، ہوشیار سنگھ نائب صدر راجوری بھی موجود تھے ۔ پریس کانفرنس سے بولتے ہوئے جنرل سیکریٹری مشتاق احمد نے بتایا کہ صدیو ں سے خانہ بدوش اپنے مال مویشی لیکر وادی کشمیر کے مختلف جنگلات میں جاتے آرہے ہیں تاہم آج تک کسی نے ان سے نہ تو اجازت نامہ پوچھا ہے اور نہ ہی کبھی ان پر حملہ کرکے انہیں اس قدر مضروب کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ بھاجپا اور پیلزڈیموکریٹک پارٹی کی نااہلی کی وجہ سے ریاست جموں وکشمیر میں بھی گورکھشاکے نام پر غنڈہ عناصر امن وامان کوتار تار کرنے میں مصروف ہیں جن کے خلاف کاروائی تک نہیں کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ نہتے پانچ افراد ایک ہی کنبہ کے جن میں ایک معصوم بچی بھی شامل تھی زدکوب کرکے اسپتال پہنچادیا اور یہ سب پولیس کی قیادت میں کیا گیا ۔ انہوں نے افسوس جتاتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے جو وادی میں پتھر پھینکے والوں کے ماتھے پر گولی مار رہے ہیں وہیں غریب کنبہ پر ہورہے ظلم کو آنکھوں سے دیکھ رہے تھے ہاتھ سے روکنے کے بجائے پیچھے ہٹوکہہ کر غنڈہ عناصر کو کھلی چھوٹ دے رہے تھے جو ریاست جموں وکشمیر کی تاریخ کا سب سے بدترین واقع ہے ۔ مشتاق احمد نے بتایا کہ سرکار ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے جو عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے اپنی کرسی بچانے کی چکر میں غنڈہ عناصر جو امن وامان کو تباہ کرنے میں مصروف ہیں پشت پناہی کررہی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ریاسی حملہ میں ملوث افراد کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ اس طرح کا کوئی بھی واقع رونما نہ ہونے پائے ۔ انہوں نے ریاستی سرکار کو انتباہ دیتے ہوئے ریاسی حملہ میں ملوث افراد کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ لگانے کا مطالبہ کیا ہے ۔