پونچھ//ترقیاتی سکیموں کی بہتر عمل آور ی کی ضرورت کو اُجاگر کرتے ہوئے و زیر برائے بھیڑ و پشو پالن اور ماہی پروری عبدالغنی کوہلی نے آج افسران کو حکومت کی جانب سے شروع کی گئی فلاحی سکیموں کے فوائد مستحق آبادی تک پہنچانے کو یقینی بنانے کے لئے کہا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ان سکیموں بالخصوص زراعت اور اس سے منسلک شعبوں سے متعلق سکیموں کے بارے میں عوام کو جانکاری فراہم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔وزیر پونچھ ضلع میں ترقیاتی سکیموں پر عمل آوری کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ میٹنگ میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔ میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ ، ایس ایس پی اور ضلع انتظامیہ سے وابستہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔وزیر نے دوران میٹنگ افسروں پر زور دیا کہ وہ مختلف سکیموں کی عمل آوری سے مثبت نتائج کے حصول کے لئے مختلف محکموں کے مابین قریبی تال میل قائم کریں۔انہوںنے فیلڈ عملے کو خطے کی معاشی صورتحال میں مثبت تبدیل لانے کے لئے لگن اور تندہی سے کام کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے کہا کہ کسانوںکو تمام سہولیات اور امداد بہم رکھنے کو ترجیح دی جانی چاہئے تاکہ ان کے مسائل کا ازالہ ہوسکے اور مال و مویشی کے فروغ کے لئے شروع کی گئی سکیموں سے مستحقین بھرپور استفادہ کرسکیں اور ساتھ ہی بے روزگار ی کا مسئلہ بھی حل ہو۔مختلف ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لینے کے دوران وزیر کو بتایا گیا کہ کلائی پُل ، لڑکیوں کے ہوسٹل کی تعمیر،گورنمنٹ ڈگر ی کالج سرنکوٹ میں عمارت کی تعمیر جیسے پروجیکٹوں پر کام جاری ہے جبکہ گجر و بکروالوں کے لئے ایک علاحدہ ہوسٹل کی تعمیر کا کام انتہائی مراحل میں اوردانا شاہ ستار میں سیٹلائیٹ یونیورسٹی کیمپس کے قیام کے لئے اراضی کی نشاندہی پر بھی کام ہو رہا ہے۔وزیرکو بتایا گیا کہ ڈیجیٹل انڈیا اور ایم جی نریگا سکیموں کی عمل آوری کے لئے حکومت ہند نے پونچھ ضلع کو انعام سے نوازا ہے ۔اُنہیں مزید بتایاگیا کہ ایم جی نریگا کے تحت محکمہ نے رواں سال کے دوران استدقاق طریقہ کار کے تحت متعدد چھوٹے پل اور کلوٹوں پر کام شروع کیا ہے جس سے ضلع میں دیہی علاقوں کے لئے سڑک رابطہ سہولیات کی توسیع یقینی بنے گی۔میٹنگ میں مزید بتاگیا کہ سرنکوٹ سے پونچھ تک سڑک پر عنقریب میکڈم بچھایا جائے گا جبکہ سوچھ بھارت مشن کے تحت 20دیہات کو اس کے دائرے میں لایا جارہا ہے۔اس سے قبل وزیر نے محکمہ ثقافت کی جانب سے منعقدہ سمینار میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔سمینار کا انعقاد معروف گجر لیڈر مرحوم چودھری وزیر محمد ہکلاکی حیات اور خدمات کو اُجاگر کرنے کے لئے کیا گیا تھا۔اُنہوںنے مرحوم رہنما کی سماجی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں خطے کا ایک عظیم سماجی کارکن اور زرخیز قلمکار قرار دیا۔