مظفر آباد//حزب سربراہ سید صلاح الدین اور لشکر طیبہ چیف محمودشاہ نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور ان کی سیکریٹری صوفی فہمیدہ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیری بچیوں پر تشدد اورخواتین رہنماﺅں کے گھروں پر چھاپے اور گرفتاریاں نئی دلی اورریاستی سرکار کی بو کھلاہٹ ثابت کرتی ہیں۔ صلاح الدین نے بیان میں کہا ہے کہ خواتین کشمیر کا تحریک آزادی کشمیر میں ایک کلیدی کردار رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت اور مفتی سرکار مایوسی کے گہرے دلدل میں گر کرایسے اقدامات کررہی ہے،جن کی مہذب دنیا میں کوئی گنجائش نہیں ۔انہوںنے مزید کہا کہ محبوبہ مفتی خود ایک عورت ہوتے ہوئے جس طرح اپنے اقتدار کو بچانے اور دلی کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے کشمیر کے معصوم بچوں اوربچیوں کا قتل عام اور سینکڑوں بچوں اور بچیوں کی بینائی ضائع کرانے میں کردار ادا کرہی ہیں،وہ انتہائی شرمناک اور قابل مذمت ہے۔صلاح الدین نے کہا کہ دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی جو علیل ہیں کی گرفتاری اور دیگر خواتین رہنماﺅں کے گھروں پر چھاپے ،اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ ریاستی انتظامیہ آخری ہچکیاں لے رہی ہے اور اپنا اقتدار بچانے کیلئے وہ آخری حدوں کی طرف جارہی ہے ۔ لشکر طیبہ چیف محمودشاہ نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور ان کی سیکریٹری صوفی فہمیدہ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ چادراورچاردیواری کا تقدس پامال کیا گیا ہے جو ایک شرمنا ک فعل ہے ۔انہوںنے آسیہ اندرابی کو گرفتارکرنے والےپولیس افسران کو خبردار کرتے ہوئے کہاہے کہ جو فوج خودکو نہیں بچاسکتی ہے وہ کل کوتمہیں کیا بچائے گی ۔انہوں نے کہا کہ جس دن اللہ موقع فراہم کرے گا، سب حساب برابر ہوجائیں گے ۔محمود شاہ نے ایک سکول سربراہ کی طرف سے طالبات کو ہراساں کیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ بچیاں ہماری ہیں ،کشمیرکی ہیں اور بھارت سے آزادی کے لیے میدان میں ہیں۔