درماڑی//ضلع ریاسی کے سب ڈویژن درماڑی کے لوگوں نے آج زبردست احتجاج کیا انہوں نے ریاسی میں خانہ بدوش گوجر بکروالوں پر حملہ اور مار پیٹ کرنے والے غنڈہ عناصرکو قانون کے مطابق سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ درماڑی کی عوام نے ریاسی تلواڑہ واقعہ کے خلاف سخت برہمی کا اظہار کیا اور سرکار سے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کے متاثرین کو انصاف دیا جاے اور اس غنڈہ گردی کو روکاجائے۔ انہوں نے سرکار سے اپیل کی کہ اس واقعہ کی عدالتی تحقیقات کروائی جاے تاکہ ایسے شر پسندوں کو سزا ملے تا کہ وہ آئندہ ایسا قدم نہیں اٹھائیں۔ عوام نے مہور تا جموں سڑک کو بلاک کیا اور سڑکوں پر ٹائر جلا کر گاڑیو ں کی آمدورفت کو بند رکھا، اس موقعہ درماڑی بازار کی دکانیں اور سارے گورنمنٹ دفاتر بھی بند رکھے گئے۔ انہوں نے سرکار سے مانگ کی کہ اگر سرکار ان سماج دشمن عناصر کو لگا نے میں ناکام رہی تو عوام اپنے غصے کا اظہار کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سماج دشمن جنہوں نے خانہ بدوش گوجر بکروالوں پر حملہ کرنے کے علاوہ پولیس چوکی پر بھی حملہ کر کے قانون کو ہاتھ میں لیا اور سوشل میڈیا پر پولیس پر بھی الزامات لگائے وہ سخت سزا کے قابل ہیں۔ عوام نے آے دن اس قسم کے واقعات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔درماڑی کے مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے لوگ جو سماج میں خرابی پیدا کر رہے ہیں کو ایسی سزا دی جائے تاکہ وہ انسانیت کو سمجھیں اور آئندہ ایسی غلطی نہ کریں۔