جموں//قانون ساز کونسل کے رکن اور سینئر پی ڈی پی لیڈڑ فردوس ٹاک نے گزشتہ روز وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقات کی اور چناب خطہ ، بالخصوص کشتواڑ کے عوام کو درپیش مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔ ایم ایل سی نے وزیر اعلیٰ کوبتایا کہ سڑک روابط کی خستہ حالی کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات درپیش ہیں ۔ بٹوٹ کشتواڑ شاہراہ کی حالت بد سے بد تر ہوتی جا رہی ہے ، حال ہی میں درابشالہ کے قریب ایک نئی پسی چلنا شروع ہو گئی ہے جس کی وجہ سے پچھلے ایک ماہ کے دوران بیشتر اوقات میں سڑک مسدود رہی۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ تعمیراتی ایجنسی NHDCIL نے کلگاڑی کے قریب آئی اس پسی کی مرمت کا کام شروع کیا ہے لیکن وہ انتہائی سست روی سے چل رہا ہے جس کے نتیجہ مسافروں کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ فردوس ٹاک نے وزیر اعلیٰ سے مانگ کی کہ کارپوریشن کو ہدایت دی جائے کہ وہ اس پسی کی مرمت کے لئے جدید ترین مشینوں کا استعمال شروع کرے۔ انہوں نے بتایا کہ کارپوریشن نے دیواروں کی تعمیر اور سڑک کی کشادگی کا کام الاٹ کر دیا لیکن اس میں سرعت لانے کے ساتھ ساتھ جدید طرز تعمیر اپنائے جانے کی انتہائی ضرورت ہے تا کہ آئے روز رونما ہونے والے حادثات کے سلسلہ کو کم کیا جا سکے۔ڈنگڈورو مڑواہ، پتھگام رینائی، نواپاچی ہنزل،ڈول گوجر بستی اور دیگر سڑکوں کی تعمیر نیز بھنڈار کوٹ تا ڈنگڈورو سڑک کی تجدید کاری کے پروجیکٹ منظور کرنے کے لئے فردوس ٹاک نے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پی ایم جی ایس وائی کے حکام کو سٹیج ون کے تحت سڑکوں کی تعمیر کا کام فوری طور ہاتھ میں لینے کی ہدایات جاری کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے بتایا کہ اگر چہ کشتواڑ میں 27کلو میٹر سڑک سٹیج ون کے تحت تعمیر ہونے سے رہ گئی ہے کیوں کہ تعمیر کی قیمت میں اضافہ ہونے کی وجہ سے باقیماندہ کام ہاتھ میں نہیں لیا جا سکا ہے ۔انہوں نے ضلع ہسپتال کے 100بستر کی صلاحیت والے اضافی بلاک کی منظوری کے علاوہ کشتواڑ اور چھاترو میں پالی ٹیکنک کالج قائم کرنے اور ہوائی پٹی کی تعمیر کے لئے 5کروڑ روپے واگزار کرنے کے لئے چیف منسٹر کے تئیں تشکر کا اظہار کیا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سے کہا کہ وہ ذاتی دلچسپی لے کر مڑواہ ، واڑون اور دچھن میں سرکاری دفاتر کا کام کاج یقینی بنائیں کیوں کہ ان تینوں برف زدہ خطوں کے بیشتر دفاتر وہاں کام نہیں کر پاتے ہیں۔ اس کے علاوہ فردوس ٹاک نے نئی پروجیکٹوں کی تعمیرکاکام فوری طور پر ہاتھ میں لئے جانے، خط افلاس سے نیچے گزر بسر کرنے والے صارفین کے راشن کوٹہ میں اضافہ،مڑوہ، واڑون اور دچھن کے مکینوں کے کوٹے میں اضافہ، مالی پیٹھ سے کلیڈ چوک تک شاہراہ کی زد میں آنے والے زمین مالکانہ کو معائوضہ کی ادائیگی ، کشتواڑ قصبہ کی اندرونی سڑکوں کو بلیک ٹاپ کئے جانے اور ضلع کے طبی مراکز میں ڈاکٹروں اور نیم طبی عملہ کی اسامیوںکو پُر کئے جانے کا بھی مطالبہ کیا۔