تھنہ منڈی// منگوٹہ کے لوگوں نے پردھان منتری گرامین سڑک یوجنا کی کارگردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ گیارہ کلو میٹر سڑک پچھلے آٹھ سال میں تعمیر نہیں کرسکا۔انہوںنے بتایاکہ ہسپلوٹ تا منگوٹہ سڑک جسکی لمبائی 11کلو میٹر ہے،کا افتتاح 2008 میں اس وقت کے وزیر برائے تعمیرات عامہ کے ہاتھوں ہواتھاجس کی تعمیرکے لئے 393 کروڑ 11 لاکھ روپے مختص کئے گئے تھے لیکن اس سڑک پر سست رفتاری سے کام چلتا رہا جسکی وجہ سے اس وقت تک اس کی تکمیل نہیں ہوپائی ہے ۔یہ سڑک محکمہ پی ایم جی ایس وائی ڈویژن بدھل کے زیر نگرانی ہے۔عوام کا کہنا ہے کہ محکمہ کے اہلکار اس سڑک کو سونے کی کان سمجھ کر دو دو ہاتھوںسے لوٹ رہے ہیںاور انہیں لوگوں کی مشکلات کی کوئی پرواہ نہیں۔اس علاقہ سے تعلق رکھنے والے طلبہ اور سرکاری ملازمین کو ہر روز آنے جانے میںلگ بھگ 8 کلو میٹر کا سفر پیدل طے کرناپڑتاہے ۔ اس ضمن میں جب اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئرنعمت اللہ خان سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ محکمہ اس سڑک کو مکمل کرنے میں ٹھیکیدار کے ساتھ سختی سے کام لے رہاہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت منگوٹہ میں دو پلوں کی تعمیر کا کام چل رہا ہے اور عنقریب ان پلوں پر سلیب ڈالا جائے گا۔انہوں۔نے کہا کہ ٹھیکیدار نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اگست۔ ستمبر تک اس سڑک پر بجری بچھاکر اسے گاڑیوں کی آمدورفت کے قابل بنادیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ اگر ٹھیکیدار ایسا کرنے میں ناکام رہاتو اس سے جرمانہ وصول کیاجائے گا۔