سرینگر//کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر خورشید اقبال اندرابی نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں عالمی سطح کے تجارتی مواقع موجود ہیں اور طلاب کے ذہن کو تبدیل کرکے انہیں صنعت کاری میں ترقی کے تجربات سے روشناس کرانا چاہئے۔ پروفیسر اقبال اندرابی کشمیر یونیورسٹی کے جنوبی کیمپس میں شعبہ منیجمنٹ سٹیڈیز کی جانب سے ’’ صنعتکاری کے مواقع اور جدید دنیا‘‘ کے موضوع پر منعقد کی گئی دو روزہ قومی کانفرنس کے اختتام تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے یونیورسٹی کی طرف سے صنعت کاری کیلئے کئے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ اپنے افتتاحی خطے میں جنوبی کیمپس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اشفاق احمد زری نے جے کے ای ڈی آئی کے رول کی سراہنا کی اور یونیورسیٹیوں اور کالجوں کی جانب سے صنعت کاری میں ڈگری حاصل کرنے سے بے روزگاری پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ سینٹرل یونیوسٹی کے پروفیسر عبدالغنی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا جبکہ ورکشاپ کا افتتاح پروفیسر غلام محی الدین بٹ اور ڈاکٹر اشفاق زری نے کیا۔ اس موقعہ پر جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دلی کے سعید واجد علی نے کلیدی خطبہ پیش کیا جبکہ عارف احمد خان نے جے کے ای ڈئی آئی کی سینکڑوں اسکیموں کا تفصیلی خاکہ پیش کیا ۔ اس موقعہ پر مختلف شرکاء کی جانب سے 31ریسرچ پیپربھی پیش کئے جن میں جامعیہ ملیہ اسلامیہ، یونیوسٹی آف حیدرآباد ، جین یونیورسٹی بنگلور ، سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر ، اسلامک یونیوسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور کشمیر یونیورسٹی کے بزنس سکول اور این آئی ٹی سرینگر سے وابستہ طلاب شامل تھے۔پروفیسر عرفانہ بابا نے تقریب کے اختتام پر تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔