پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ میں پچھلے کئی روز سے موسم میں تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے۔تقریباً پندر دنوں تک لگاتار دھوپ کھلے رہنے کی وجہ سے اگرچہ لوگوں نے کچھ دن تک شدید گرمی کا احساس کیا لیکن پچھلے دو روز سے رک رک کر بارش ہونے کی وجہ سے ایک بار پھر درجہ حرارت میں کمی دیکھنے کو ملی جس کی وجہ سے لوگوں کو اپریل کے مہینے بھی دسمبر کے جیسے سردی سے دوچار ہونا پڑرہا ہے۔اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے سیڑی خواجہ کے شبیر احمدنامی شخص نے کہاکہ اپریل کے مہینہ میں ان کو دسمبر یا جنوری کے مہینہ جیسی سردی کا احساس ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے دو ہفتوں تک پونچھ میں موسم خشک رہنے اور دھوپ کھلنے کی وجہ سے بہت زیادہ گرمی ہوگئی تھی جس کی وجہ سے انہوں نے گرم کپڑے اور بستر وغیرہ لپیٹ لئے تھے لیکن اب دو روز سے سخت سردی کے احساس نے انہیں دوبارہ گرم کپڑے اور بستر کھولنے پر مجبور کر دیا ہے۔ایک دم سے موسم تبدیل ہونے سے کئی لوگ بیماربھی ہورہے ہیں ۔