جموں//گوجربکروال اصلاحی کمیٹی نے ریاسی میں خانہ بدوشوں پر نام نہاد گئورکشوں کے حملے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے غنڈہ عناصر پرشکنجہ کسنے کامطالبہ کیاہے۔یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گوجربکروال اصلاحی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری چوہدری اخترحسین نے کہاکہ ریاسی میں 21 اپریل 2017 کو نام نہادگئورکشوں نے گوجربکروال خانہ بدوش کی 9سالہ بچی ، بزرگ کوتشددبنانے کے ساتھ ساتھ عورتوں کی عصمت ریزی کرنے کی کوشش کی جوکہ جمہوری ریاست میں شرمناک بات ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پولیس کی موجودگی میں ایساہونا باعث تشویش ہے ۔ اخترچوہدری نے کہاکہ حکومت کویہ یقینی بنانے کیلئے آئندہ اس طرح کے واقعات رونمانہ ہوں ، اس حملے میں ملوث شرپسندعناصر کوعبرتناک سزادینی چاہیئے۔ چوہدری اخترحسین نے کہ آزادی کے بعد70 برس کاعرصہ گذرنے کے باوجود بھی حکومت نے قبائلی خانہ بدوشوں کی بازآبادکاری کیلئے پالیسی تیارنہیں کی ہے جس کی وجہ سے گوجربکروال طبقہ کے لوگ آج تک پسماندگی کے چنگل سے آزادنہیں ہوسکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگرچہ ریاستی گورنر این این ووہرہ نے قبائلی خانہ بدوشوں کی آبادکاری کے حکم صادرکیے تھے لیکن موجودہ پی ڈی پی۔بھاجپا مخلوط حکومت بازآبادکاری پالیسی کوعملی جامہ پہنانے کیلئے غیرسنجیدہ ہے ۔ اخترچوہدری نے کہاکہ گوجربکروال مہاراجائوں کے دورمیں بھی نقل مکانی کرتے آئے ہیں مگراب موجودہ حکومت کی ایماپران پرحملے ہونا افسوسناک اورباعث تشویش بات ہے۔ انہوں نے پی ڈی پی ۔بھاجپاحکومت پر لوگوں کومذہبی بنیادوں پرتقسیم کرنے کاالزام لگایا۔ انہوں نے کہاکہ اس حقیرسیاست سے ریاست کی سا لمیت کو خطرہ ہے۔ انہوں نے حکومت پرخانہ بدوشوں کے تحفظ اور ان کیلئے بازآبادکاری پالیسی تشکیل دینے اورشرپسندوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے پرزوردیا۔