سرینگر+پلوامہ //خانیار میں اتوار کی شام اسلحہ برداروں کی طرف سے پولیس پر گرینیڈ حملہ کیا گیا جس کے دوران ایک شہری کی ہلاکت ہوئی جبکہ پولیس کے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر سمیت5افراد زخمی ہوئے جن میں ایک شہری بھی شامل ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کی ایک ناکہ پارٹی خانیار پولیس اسٹیشن کے قریب چوک میں موجود تھی جس کے دوران وہاں لوگ بھی موجود تھے۔اس دورن نا معلوم سمت سے پولیس پارٹی کو گرینیڈ کی زد میں لانے کی کوشش کے دوران حملہ کیا گیا اور گرینیڈ نشانہ چوک کر قریب ہی زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں الہی باغ بژھ پورہ کے معمر شہریمحمد شفیع بابا ولد عبدالاحد بابا سمیت6افراد زخمی ہوئے۔معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ شہری اس وقت سائیکل پر کہیں جارہے تھے۔ اس موقعہ پر زخمی شہری کو فوری طور پر غوثیہ اسپتال پہنچایا گیا تاہم وہاں پر ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔گرینیڈ دھماکے کے آہنی ریزوں سے3پولیس اہلکار اسسٹنٹ سب انسپکٹر مشتاق احمد،سلیکشن گریڈ کانسٹبل ڈرائیور شبیر احمد اور ایس پی او سمیر احمد بھی زخمی ہوئے، جنہیں سرینگر کے صدر اسپتال پہنچایا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے ساتھ ہی گولیوں کی آواز بھی سنیں گئیں اور جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔اس حملے میں مزید ایک شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ دھماکے کی آواز سن کر پورے علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوا اور لوگ محفوط مقامات کی طرف بھاگنے لگے۔ بعد میں اعلیٰ پولیس و فورسز افسران نے جائے موقعہ پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ادھر پلوامہ کے پرچھو علاقے میں نا معلوم اسلحہ برداروں نے اتوار کی شام دیر گئے بی جے پی ایک مقامی لیڈر کے گھر پر فائرنگ کی جسکی زد میں آکر ایک میوہ فروش نثار احمد میر شدید طور پر زخمی ہوا۔ اُسے نازک حالت میں سرینگر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کی حالت نازک قرار دی جارہی ہے۔