سرینگر// سرینگر میونسپل کارپوریشن نے سڑکوں،پارکوں اور گلی کوچوں پر غیر قانونی قبضہ ہٹانے کا اعلان کرتے ہوئے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اندر سڑکوں پر رکھے گئے میٹریل اور ملبہ کو ہٹائیں ۔ایس ایم سی نے ایسے افراد سے ،جو سڑکوں، گلیوں اور پارکوںمیںملبہ اور تعمیراتی میٹریل رکھتے ہیں،سے کہا ہے کہ وہ ایک ہفتہ کے اندر اندر یہ میٹریل ہٹا لیں اور جو کوئی شخص ایسا کرنے میں لیت و لعل کا مظاہرہ کرے گا ،اسکے خلاف کارروائی کی جائے گی اور 50000روپے کا جرمانہ بھرنا پڑے گا ۔کارپوریشن نے کہا ہے کہ ایک ہفتہ کی معیاد گذر جانے کے بعد اگر کوئی فرد یا تجارتی ادارہ سڑک ،پارک یا گلی کوچے میں میٹریل رکھے گا ،اس کے خلاف 50ہزار روپے کا جرمانہ وصول کیا جائے گا ۔کارپوریشن نے عام لوگوں کے ساتھ ساتھ تجارتی اداروں سے بھی کہا ہے کہ وہ سڑکوں ،پارکوں اور گلی کوچوں کو کھلا چھوڑ دیں تاکہ ٹریفک اور راہ گیروں کی آوجاہی میں کوئی خلل نہ پڑے ۔کارپوریشن کے مطابق اگر کوئی شخص یا ادارہ ایس ایم سی قواعد کی خلاف ورزی کے مرتکب پایا جائے گا تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی ۔