سرینگر//دیہی ترقی ، پنچایتی راج اور قانون و انصاف کے وزیر عبدالحق خان نے یہاں ایک میٹنگ طلب کر کے صوبہ¿ کشمیر میں دیہی ترقی محکمہ کی مجموعی کار کردگی کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں محکمہ کے ناظم غضنفر علی ، ڈائریکٹر رورل سنٹیشن عبدالرحمان گھاسی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔میٹنگ کے دوران وزیر کو پروجیکٹوں پر جاری کام اور ان پر آنے والی تخمینہ لاگت کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔اُنہیں حال ہی میں مکمل کئے گئے پروجیکٹوں کے بارے میں بھی ایک ملٹی میڈیا پرزنٹیشن کے ذریعے بتایا گیا۔ اس سلسلے میں وزیر نے افسران کو ضروری ہدایات دیں۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے بہترین کارکردگی کےلئے محکمہ کے ملازمین کی سراہنا کی۔ اُنہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں محکمہ دیہی ترقی ایک ترجیح رہا ہے۔محکمہ کی سرگرمیوں کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنے کی افسروں کو ہدایت دیتے ہوئے وزیر نے ہر ضلع میں کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کرنے کی تلقین کی۔ اُنہوں نے کہا کہ محکمہ کو سوشل میڈیا کے ذریعے بھی لوگوں اپنی سرگرمیوں سے آگاہ کرنا چاہئے۔میٹنگ کے دوران محکمہ سے وابستہ جموں کی ایک ٹیم نے وزیر کو ٹھوس اور دیگر کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کے طرز عمل کے بارے میں ملٹی میڈیا پرزنٹیشن کے ذریعے جانکاری دی۔وزیر نے کشمیر صوبے کے ہر بلاک میں ایس ایل ڈبلیو ایم پروگرام شروع کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ناظم دیہی ترقی کو 30سے 40 ملازمین پر مشتمل ایک گروپ کو جموں بھیجنے کی ہدایت دی تاکہ وہ پروگرام کی عمل آوری کے بارے میں ضروری جانکاری حاصل کرسکیں۔وزیر نے دیہی علاقوںکو 15 مئی تک پالتھین سے پاک بنانے کے احکامات دئیے۔