سرینگر //اے آئی پی سربراہ اور ایم ایل اے لنگیٹ انجینئر رشید نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مزید وقت ضائع کئے بغیر BJPسے اپنا رشتہ توڑ دیں ۔ اپنے ایک بیان میں انجینئر رشید نے کہا امیت شاہ کے ریاست کے دورے کے بعد اُن کی طرف سے انتہائی زہر آلودہ اور فرقہ پرستانہ بیانات کے بعد محبوبہ مفتی کی تمام خوش فہمیاں اور غلط فہمیاں دور ہونی چاہئے ۔ انجینئر رشید نے کہا ©”امیت شاہ نے خود PDPکی اس دلیل کو غلط ثابت کیا ہے کہ ریاست کے تینوں خطوں کو اکھٹے چل کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے کیونکہ امیت شاہ نے جس طرح لداخ اور جموں کے لوگوں کو متحد ہونے کیلئے کہا اُس سے ساری پوشیدہ داستانیں سامنے آ چکی ہیں ۔ ایسا کہہ کر اگر چہ امیت شاہ کا اصلی چہرہ بے نقاب ہوا ہے لیکن امیت شاہ کو یہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ جموں و کشمیر ایک غالب مسلم اکثریتی علاقہ ہے اور یہاں پر سنگ پریوار کیلئے کوئی جگہ نہیںنیز ریاست کے لوگ ہر قیمت پر مسلم اکثریتی تشخص کا تحفظ کریں گے۔“انجینئر رشید نے جموں سے شائع ہونے والے چند موقر اخبارات میں چھپی اس خبر کو مضحکہ خیز قرار دیا کہ BJP کے لیڈروں نے امیت شاہ سے ملکر انہیں یہ کہا ہے کہ انجینئر رشید وادی میں سنگ بازوں کو رقومات فراہم کر رہا ہے اور اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے ۔ انجینئر رشید نے کہا ”ایسا بیہودہ الزام لگا کر BJPکی قیادت اُن تمام لوگو ں کا منہ بند کرنا چاہتی ہے جو رائے شماری کا جائز مطالبہ کر رہے ہیں۔ نہ ہی تو ایسی دھمکیوں سے کوئی کشمیری دبنے والا ہے اور نہ ہی ان فرسودہ الزامات کا کوئی خریدار ہے ۔ ایسا کہہ کر خود نئی دلی کی اپنی بے بسی سب پر عیاں ہوتی ہے ۔BJPلیڈروں کو چاہئے کہ انجینئر رشید یا کسی حریت لیڈر پر سنگ بازوں کو رقومات فراہم کرنے کا الزام لگانے سے پہلے یہ نہ بھولیں کہ نریندر مودی ہوں یا امیت شاہ دونوں کے خلاف گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کو تہہ تیغ کرنے کا کھلا کھلا الزام ہر ایک کے سامنے ثابت ہے اور ملک کا اعلیٰ ترین عہدہ سنبھالنے سے نہ تو نریندر مودی انصاف کی نظروں سے بچ سکتے ہیں اور نہ ہی امیت شاہ جیسا مجرم دنیا کی نظروں میں بے گناہ ثابت ہو سکتا ہے ۔ امیت شاہ کو چاہئے تھا کہ جموں کشمیر میں کشمیریوں کو فرسودہ وعظ و نصیحت کرنے کے بجائے آسام جاتے جہاں اُس کے گاﺅ رکھشک دہشتگردو ں نے مزید دو مسلمانوں کو مار مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا لیکن ظاہر ہے کہ امیت شاہ یا کوئی اور ایسا نہیں کریں گے کیونکہ اُن کی سیاست کا سارا مرکز مسلمانوں کو نیست و نابود کرنا ہے©©“۔ انجینئر رشید نے امیت شاہ کو خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری ریاست پر BJPاور سنگ پریوا کا جھنڈا لہرانے کا خواب دیکھنے کے بجائے وہ اس بات کیلئے تیار رہیں کہ آج نہیں تو کل نہ صرف محبوبہ مفتی بلکہ مودی جی کو اپنا بڑا بھائی کہنے والے ابن الوقت لوگ بھی سنگ پریوار سے ناطہ توڑ کر اپنی قوم سے معافی مانگنے کیلئے مجبور ہو جائیں گے۔