سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے گزشتہ رات دیر گئے شہر سرینگر کے کئی علاقوں کا اچانک دورہ کر کے شہری آبادی کو مختلف محکموں کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات کا جائزہ لیا۔وزیر اعلیٰ نے خصوصی طور بجلی سپلائی اور کٹوتی شیڈول کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے سٹریٹ لائیٹس کی صورتحال ، سڑکوں اور گلی کوچوں کی صفائی ، ڈرنیج نظام اور دیگر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا۔اچانک دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے ڈلگیٹ ، بلیوارڈ ، نشاط ، حضرت بل ، نگین ، کاٹھی دروازہ ، زندہ شاہ مسجد ، رعناواری ، خانیار ، خیام ، ناوپورہ ، منور آباد ، ٹی آر سی ، لال چوک ، مہاراج بازار ، جواہر نگر ، راجباغ اور سونہ وار میں ان خدمات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے شہر کے ان علاقوں میں صفائی ستھرائی ، ڈرنیج نظام اور سٹریٹ لائٹس کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔اچانک دورے کے فوراً بعد وزیر اعلیٰ نے شہر کے انتظامیہ کے ساتھ جڑے افسران کے ساتھ میٹنگ کی۔وزیرا علیٰ نے شہر کے چند علاقوں میں بلدیاتی سہولیات کی فراہمی میں تساہل پسندی پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کئی علاقوں میں سٹریٹ لائیٹس بے کار ہونے پر بھی اپنی ناخوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس سلسلے میں ضروری اقدامات کرنے کی متعلقہ افسران کو ہدایت دی۔ اُنہوں نے شہر کے مختلف علاقوں کی متواتر صفائی ستھرائی اور کوڑا کرکٹ کو موزون طریقے پر ٹھکانے لگانے کے احکامات بھی دئیے۔وزیر اعلیٰ نے متعلقہ افسران کو حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات میں بہتری لانے کے واضح احکامات دئیے۔ اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو شہر کے مختلف علاقوں کا مسلسل بنیادوں پر دورہ کر کے شہری آبادی کو مہیا کی جانے والی خدمات کے معیار میں بہتر ی لانے کی ہدایت دی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ شہر اور دیگر علاقوں خصوصاً جہاں سے شہری خدمات کی فراہمی کے تعلق سے شکایات موصول ہوتی ہیں، کا آئندہ بھی اچانک دورہ کرتی رہیں گی۔میٹنگ میں صوبائی کشمری کشمیر بصیر احمد خان، آئی جی کشمیر ایس جے ایم گیلانی ، ضلع ترقیاتی کمشنر فاروق احمد لون ، وائس چیئرمین ایس ڈی اے تحسین مصطفی ، چیف انجینئر پی ڈی ڈی شہناز گونی ، کمشنر ایس ایم سی ڈاکٹر شفقت کان اور دیگر افسران بھی موجو د تھے۔