سرینگر// ولادت باسعادت حضرت امام حسین ؑ اور امام ابوحنیفہ حضرت امام العالمؒ کے عرس کی تقریب عقیدت واحترام سے منائی گئی ۔ اس سلسلہ میںخانقاہ حضرت ایشان شیخ یعقوب صرفی ؒ زینہ کدل میں صبح صادق ہی قرآن خوانی ،ختمات المعظمات ، درود ازکار اور مولود خوانی کی مجلس آراستہ ہوئی، جس کی پیشوائی بقعہ عالیہ کے سجادہ نشین الحاج پیر بشیر احمد نوری نے کی۔ حاجی پیرزادہ محمد اشرف عنایتی اور دیگر علمائے کرام نے امام حضرت عالی مقامؓ کی سیرت اور شہادت پر روشنی ڈالی اور حضرت امام ابو حنیفہ کے اسلامی کارناموں اور خدمات پر روشنی ڈالی۔ میر واعظ کشمیر مولانا ریاض احمد ہمدانی نے حضرت امام حسینؑ اور حضرت امام العالم ؒ کے ولادت باسعادت پر مسلمانانِ عالم خصوصاً ریاست کے مسلمانوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ تاقیامت امام عالی مقام کی شہادت جو اُنہوں نے اسلام کی سربلندی اور اسلام کی بقا کیلئے کربلا میں جام شہادت نوش کی ہمارے لئے مشعل راہ اور امام ابوحنیفہ کے تاریخ ساز اسلامی کارناموں اور تعلیم تاریخ اسلام میں ایک سنہری باب ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ دین اسلام کی آبیاری کے سلسلے میں حضرت امام العالم نے جو تاریخی ملی خدمات انجام دیئے ہیں وہ رہتی دنیا تک اہل اسلام کے دلوں میں پیوست رہیں گے۔ انجمن تبلیغ اسلام کی جانب سے قدیم حنفیہ کالج نورباغ میں حضرت ابو حنیفہؒ کانفرنس کا انعقاد ہوا، جس میں سرکردہ علماء نے حضرت امام ابوحنیفہ ؒ کے علمی کارناموں پر روشنی ڈالی۔سمینار کی صدارت انجمن کے صدر سید فرید الرحمن بخاری نے کی۔