سرینگر//صحت وطبی تعلیم،مکانات وشہری ترقی اورسماجی بہبود کی وزیر مملکت آسیہ نقاش کی طرف سے آج صفائی کرمچاریوں اورمیونسپل اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے آج بڑا کھانا کا اہتمام کیا گیا۔اس سلسلے میں دریائے جہلم کے کنارے جہلم ویو پارک میںایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سینکڑوں کی تعداد صفائی کرمچاریوں اوردیگر میونسپل ملازمین نے شرکت کی۔اس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے کہا کہ آج منعقد ہورہی اس تقریب کا مقصد اُن صفائی کرمچاریوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جو خود کو سماج سے الگ تھلگ محسوس کرتے ہیں حالانکہ وہ سماج کا ایک حصہ ہیں۔انہوںنے کہا کہ صفائی کرمچاری ناسازگار موسمی اور ناموافق حالات کے باوجود جس طرح اپنے فرائض تندہی اورلگن کے ساتھ انجام دیتے ہیں وہ قابل تعریف ہی نہیں بلکہ قابل تحسین بھی ہے۔آسیہ نقاش نے کہا کہ صفائی ستھرائی صرف میونسپل اہلکاروں کا ہی کام نہیں،بلکہ عام شہریوں پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے گردونواح کے ماحول کو صاف ستھرا رکھ کر ماحولیات کو آلودگی سے بچانے میں اپنا بھرپورتعائون دیں۔وزیر مملکت نے کہا کہ اسلام میں بھی صفائی پر زوردیا گیا ہے کیوں کہ یہ ایک صحت مند اور خوشحال سماج کی علامت ہے۔انہوںنے آبی ذخائر اورندی نالوں ودریائوں کے قریب رہنے والے لوگوں سے تلقین کی کہ وہ کوڑا کرکٹ کو دریائوں میں نہ پھینکیں کیوں کہ اس ناپسندیدہ عمل سے یہاں کی سیاحت پر منفی اثرات پڑ سکتے ہیں۔تقریب کے اہتمام پر صفائی کرمچاریوں میں تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔