بارسلونا، 01 مئی (یو این آئی) کلے کورٹ کنگ اسپین کے رافیل نڈال نے مونٹی کارلو میں 10 ٹائٹل جیتنے کے بعد اب بارسلونا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں بھی ریکارڈ 10 ویں بار ٹائٹل جیتنے کا حیرت انگیز کارنامہ کر دکھایا ہے ۔تیسری سیڈ 30 سالہ نڈال نے مرد سنگلز فائنل میں چوتھی سیڈ آسٹریا کے ڈومینک تھیم کو یک طرفہ انداز میں محض 90 منٹ میں 6۔4، 6۔1 سے ہراکر 10 ویں بار بارسلونا اوپن کا ٹائٹل جیت لیا۔نڈال ٹینس کے اوپن دور کی تاریخ میں پہلے ایسے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے کسی ایک ٹورنامنٹ کو دس بار جیت لیا ہے ۔نڈال نے یہ کارنامہ ایک بار نہیں بلکہ دو بار کر دکھایا ہے ۔ انہوں نے گزشتہ ہفتے مونٹی کارلو ماسٹرز کا خطاب 10 ویں بار جیتا تھا۔نڈال کا یہ 71 واں ٹور اور 51 واں کلے کورٹ خطاب ہے ۔ٹینس کلب میں اپنے نام پر نئے بنے رفاہ نڈال کورٹ کے سامنے ہسپانوی کھلاڑی نے کمال کا کھیل دکھایا اور بغیر ایک سیٹ گنوائے تھیم کا چیلنج توڑ دیا۔تھیم نے گزشتہ سال ارجنٹینا اوپن میں 14 بار کے گرینڈ سلیم چمپئن کو شکست دی تھی۔انہوں نے برطانیہ کے نمبر ایک اینڈی مرے کو شکست دے کر یہاں فائنل میں جگہ بنائی تھی لیکن اس وقت وہ نڈال سے پار نہیں پا سکے ۔میچ میں تھیم نے پہلا بریک پوائنٹ حاصل کیا لیکن نڈال نے فوری طور پر واپسی کر آسٹریائ¸ کھلاڑی کی 10 ویں گیم میں سروس بریک کرتے ہوئے پہلا سیٹ جیت لیا۔دوسرے سیٹ میں پھر ہسپانوی کھلاڑی نے 23 سالہ تھیم کی مسلسل دو بار سروس بریک کی اور پھر 51 ویں بار کلے کورٹ پر جیت درج کرلی۔نڈال نے خطابی جیت کے بعد کہا کہ میں اس بات سے زیادہ خوش ہوں کہ میں نے مونٹی کارلو اور بارسلونا دونوں میں 10۔10 بار ٹائٹل جیت لیا ہے ۔خاص طور پر یہاں جہاں پر میرا کلب ہے اور یہاں مجھے اتنی حمایت ملی۔کلے کورٹ سیزن کی یہ شاندار پہل ہے ۔تھیم نے بھی نڈال کو ان کے کیریئر کا 71 واں ٹورنامنٹ جیتنے پر مبارک باد دی۔یواین آئی۔