سرینگر/ / فوج کے سربراہ جنرل وپن راوت نے لائن آ ف کنٹرول پر کچھ یونٹوں کا دورہ کرکے سیکورٹی حالات کے تناظر میں ریاست کی مجموعی حفاظتی صورتحال اور فوج کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمرا ہ 15 ویں کوراور16 کے سربراہاں بھی تھے۔ جنرل وپن راوت جو صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے کل ہی سرینگر پہنچے تھے ،نے جموں وکشمیر میں تعینات فوج کے اعلیٰ افسران کے ساتھ ایک میٹنگ میں بدلتے موسمی اور سیکورٹی حالات کے تناظر میں ریاست کی مجموعی حفاظتی صورتحال اور فوج کی تیاریوں کا جائزہ لیا جس کے دوران فوج کے اعلیٰ کمانڈروں نے جنرل وپن راوت کو ملی ٹینسی ، لائن آف کنٹرول پر دراندازی اور دو فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔شمالی کمان کے سربراہ کے علاوہ ملی ٹینسی مخالف کارروائیاں انجام دینے والی فورسز کمانڈروں نے جنرل وپن راوت کوسیکورٹی کے حوالے سے ریاست کی تازہ ترین صورتحال کی جانکاری فراہم کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقعہ پر فوجی سربراہ کو جنگجویانہ سرگرمیوں اور ریاست کے مختلف علاقوں میں لائن آف کنٹرول و بین الاقوامی سرحدوں پر جنگجوؤں کی دراندازی کی نوعیت اور اس کا مقابلہ کرنے کے لئے سیکورٹی فورسز کی تیاریوں اور حکمت عملی کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فوجی سربراہ نے پاکستان اور چین کے ساتھ لگنے والی کنٹرول لائن پر فوج کیساتھ بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے چند اگلی چوکیوں کا بھی دورہ کیا۔