سرینگر// حکومت نے پارمپورہ نارہ بل شاہراہ کی توسیع میں حائل رکاوٹوں سے متعلق تشکیل دی گئی کمیٹی کے معیاد کار میں25مئی تک توسیع کی ہے۔ پارمپورہ سے نارہ بل تک سڑک کی وسعت اس شاہراہ کو 4گلیاروں والی بنانے کا ایک حصہ ہے،تاہم اس سڑک پر کام بندہونے کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک جام کا مسئلہ پیدا ہوتاہے بلکہ اس اہم پروجیکٹ کی ڈیڈ لائن بھی کئی دفعہ ختم ہو چکی ہے۔ ذ رائع کا کہنا ہے کہ پارمپورہ سے نارہ بل تک شاہراہ میں توسیع کے دوران نااہل دعویداروں میں معاوضے کی تقسیم کاری میں بے ضابطگیوں کی جانچ کیلئے ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر کی قیادت میں ایک اعلیٰ اختیاراتی 4رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جسے ایک ماہ میں خاطی افسران کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ کمیٹی میں اسسٹنٹ کمشنر(وسط) کو ممبر سیکریٹری،جنرل منیجر ضلع صنعتی مرکز سرینگر کو ممبر اور ایگزیکٹو انجینئر محکمہ تعمیرات عامہ(جس کو نامزد کرنے کے اختیارات ڈپٹی کمشنر سرینگر کو تفویض کئے گئے تھے) کو بھی ممبر بنایا گیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی سے کہا گیا تھا کہ وہ تمام متعلقہ ریکارڑ اور دستاویزات کی جانچ پڑتال کرے گی اورکمیٹی کو معاوضہ کی ادائیگی کا جائزہ لینے کا اختیار بھی دیا گیا تھا۔ ریاستی سرکار نے پہلے مرحلے میں کام کو مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دسمبر2016طے کی تھی تاہم وہ بھی پوری نہیں ہوئی۔محکمہ بیکن کا کہنا ہے کہ اس پروجیکٹ کی عمل آوری میں تاخیر حصول اراضی اور گزشتہ برس ایجی ٹیشن کی وجہ سے ہوئی جبکہ اس دوران انکی مشینری کو بھی نقصان پہنچایا گیا اور نامساعد حالات کی وجہ سے مزدور بھی وادی چھوڑ کر چلے گئے ۔محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن کے کمشنر سیکریٹری خورشید احمد نے اس سلسلے میں ایک حکم نامہ زیر نمبر28-GAD(vig) of 2017بتاریخ24اپریل جاری کیا جس میں کمیٹی کے معیاد میں ایک بار پھر توسیع کی گئی۔