سرینگر //صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کل شہر سرینگر کا تفصیلی دورہ کیا اور ناجائز اورغیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے کی مہم کاجائزہ لیا۔اُن کے ہمراہ ترقیاتی کمشنر سرینگر ،ایس پی ٹریفک ،ایس پی ایسٹ،آر اینڈ بی،ایس ایم سی اورفائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی تھے۔صوبائی کمشنر نے لالچوک،ریگل چوک،ٹی آر سی ،نازکراسنگ ،ہر ی سنگھ ہائی سٹریٹ اورجہانگیر چوک کادورہ کیا۔صوبائی کمشنر نے ایس ایم سی آفیسران کو ہائی کورٹ کی ہدایات پر عمل پیراہونے کی ہدایت دی تاکہ شہر کے کسی بھی حصے سے خلاف ورزی کی کوئی شکایت نہ ملے۔انہوںنے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہیے کہ کوئی بھی دکاندار سڑکوںپر اپنا مال وسامان نہ رکھے اورخلاف ورزی کرنے والے دکاندار کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔پولیس اورٹریفک محکموں پر بھی ایس ایم سی کے ساتھ قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنے پر زوردیا گیا تاکہ پیدل چلنے والوں کو دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس موقعہ پر فٹ پاتھ پر مال فروخت کرنے والوں نے صوبائی کمشنر کو درپیش اپنے روزانہ مسائل کے بارے میںآگاہ کیا۔صوبائی کمشنر نے اُن کے مسائل غور سے سُنے اور یقین دہانی دی کہ ان کی شکایتوں کاترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے گا۔آلوچی باغ برزلہ بیلی پُل پرجاری کام کی پیش رفت کے بارے میں صوبائی کمشنر کو بتایا گیا کہ اس پُل کو عنقریب ہی ٹریفک کی آمدورفت کے لئے کھولا جائے گا۔تعمیرات عامہ کے آفیسران نے بتایا کہ ایک دودنوں کے اندر پُل کو آزمائشی طور استعمال کیا جائے گا۔صوبائی کمشنر نے جہانگیر چوک رامباغ فلائی اوور پر جاری کام کا بھی جائزہ لیا۔انہوںنے تمام متعلقہ محکموں کو تندہی،لگن اور باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے پر زوردیا۔