سرینگر//وادی کشمیر کے مختلف علاقوں سے آئے مختلف وفود کل یہاں وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی سے ملے اور انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔زیارت کمیٹی حضرت سید صاحبؒ سونہ وار کے وفد نے آستان عالیہ اور مسجد کی تعمیر و تجدید کا کام فوری طور مکمل کرنے کی مانگ کی۔ وفد نے آستان عالیہ اور مسجد میں آنے والے عقیدت مندوں کو درپیش پارکنگ کے مسئلے کا حل بھی طلب کیا۔ شالیمار علاقے سے آئے ایک اور وفد نے علاقے میں لاوڈا کے تحت نوٹیفائی کئے گئے علاقوں کی فہرست میں معقولیت لانے کی مانگ کی۔انہوںنے نو کنسٹرکشن زونز کے حدود میں نہ آنے والے علاقوں میں تعمیر نو کی اجازت بھی طلب کی۔اننت ناگ کے فتح گڈھ ، عشمقام اور دیلگام سے آئے وفود بھی وزیرا علیٰ سے ملاقی ہوئے اور اپنے روزمر ہ مسائل سے آگاہ کیا۔ قانون ساز سیف الدین بٹ، سریندر چودھری اور اقبال منہاس نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور انہیں اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیرا علیٰ نے وفود کو بغور سنا اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے ازالہ کے لئے معقول اقدامات اٹھائے جائیں گے۔