سرینگر//فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ نے جنوبی کشمیر میں انتخابی عمل منسوخ کرنے پر کہا کہ یہ جموں کشمیر کے عوام کے موقف کی واضح تائید ہے ۔انہوں نے بھارتی حکمران طبقے کو عقل و دانش سے کام لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر میں قیام امن کے لئے کی جارہی کوششیں اُس وقت تک ایک خواب ہی رہیںگی جب تک مسئلہ کشمیر سے متعلق حقیقت کا ادراک کرکے اس کے حل کی طرف توجہ مبذول نہیں کی جاتی۔اپنے ایک بیان میںشبیر شاہ نے کہاکہ سلیکشن یا الیکشن مسئلہ کا کوئی حل نہیں البتہ اس سلسلے میں ریاستی عوام کے سیاسی مستقبل سے متعلق رائے جاننے کے بعد ہی امن کا خواب پورا ہوگا ۔انہوں نے ریاستی عوام کی رائے کے احترام کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں دو رائے نہیں کہ عوامی رائے ہی مقدم ہے اور ریاستی عوام بھی اس بات کے قائل ہیں کہ ریاستی مستقبل سے متعلق جو بھی رائے سامنے آئے گی ،اسے تسلیم کرنے میں کسی کو بھی اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اگر پیش رفت کرے تومسئلہ حل کرنے میں دیر نہیں لگے گی۔