کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے علاقہ گورنمنٹ ہائی سکول گلی گڑھ کے طلبا نے آج سکول میں تدریسی عملہ کی کمی کو لیکر زبردست احتجاج کیا۔طلبا نے کلاسوں کا بائیکاٹ کیا اور کشتواڑ،سرتھل سڑک پر دھرنا دیا جس کے نتیجہ میں اس سڑک پر4گھنٹے تک ٹریفک بند رہا۔طلباء کا مطالبہ ہے کہ اس سکول میں جلد از جلد تدریسی عملے کی کمی کو پورا کیا جائے تاکہ ان کی پڑھائی متاثر نہ ہونے پائے۔کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے طلبا نے کہا کہ زائداز80طلبا کے لئے گیارہ اساتذہ کو تعینات کیا گیا تھا مگر ان میں سے4اساتذہ کو تبدیل کیا گیا اور دیگر اساتذہ کو اٹیچ کیا گیا ہے اور اس وقت اس سکول میں صرف 4اساتذہ رہ گئے ہیں۔جس کی وجہ سے ان کی پڑھائی بری طرح سے متاثر ہو رہی ہے۔دریں اثنا محکمہ تعلیم کے سینٹر افسروں نے طلبا کو ان کا مطالبہ جلد پورا کرنے کا یقین دلایا ہے۔