نئی دہلی//فو ج نے کہا ہے کہ بھارتی فوجیوں کی لاشوں کی بے حرمتی کا جواب اپنی مرضی کے مطابق دیا جائیگا ۔ وائس چیف آف آرمی اسٹاف لیفٹنٹ جنرل سارتھ چند کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج’جو کرے گی‘ اسے عوام کے سامنے بیان نہیں کیا جاسکتا۔ ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے بھارتی وائس چیف آف آرمی اسٹاف نے پاکستان کو دھمکی دی کہ اس کا بدلہ ’بھارت اپنی مرضی کے وقت اور مقام پر لے گا‘۔پاکستان کی جانب سے دعوؤں کی تردید کو نظرانداز کرتے جنرل سارتھ چند کا کہنا تھا،’وہ کہتے ہیں ان کی فورسز نے ایسا نہیں کیا، تو پھر ایسا کس نے کیا ہے؟ انہوں نے یہ کیا ہے اور انہیں اس بات کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے نتائج کا سامنا کرنا ہوگا‘۔دریں اثناء خارجہ سکریٹری ڈاکٹر ایس جے شنکر نے عبدالباسط کو طلب کر کے اس کارروائی کے لئے مجرم پاکستانی فوجیوں اور ایریا کمانڈروں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔وزارت خارجہ کے ترجمان گوپال باگلے نے ٹویٹ کر کے بتایا کہ خارجہ سکریٹری نے پاکستانی ہائی کمشنر کو طلب کیا اورانہیں ہندوستان کے احتجاج اور اعتراض سے آگاہ کیا اور اس کارروائی کے لئے ذمہ دار پاک فوج اور ایریا کمانڈروں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔بھارتی سیکریٹری خارجہ نے پاکستانی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی دیا۔بھارت کے احتجاج پر پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی جانب سے سیز فائر کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی گئی بھارت کی جانب صرف الزامات لگائے جارہے ہیں جو جھوٹ پر مبنی ہیں۔پاکستانی افواج کی جانب سے پہلے ہی ان الزامات کو مسترد کیا جاچکاہے۔