سرینگر//حریت (ع) ایگزیکٹیو کونسل کا اجلاس چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کی صدرات میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میںجموں وکشمیر کی موجودہ سیاسی و تحریکی صورتحال کے مختلف پہلوئوں پر تفصیل کے ساتھ غوروخوض کیا گیا۔ اجلاس میں حکومتی سطح پر کشمیری عوام کیخلاف جاری ظلم و تشدد مار دھاڑ ، قتل و غارت گرفتاریوں اور ہراسانیوں کی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ شدید قسم کے مظالم اور بے پناہ فوجی جمائو کے بل پر کشمیریوں کی جائز آواز کا گلا نہیں گھونٹا جاسکتا اور وقت آگیا ہے کہ حکومت ہندوستان اور اس کے ریاستی اتحادی کشمیر کی موجودہ دھماکہ خیز صورتحال کا احساس کرکے طاقت کی بولی بولنے کے بجائے مسئلہ کشمیر کے دیرپا حل کیلئے راہیں تلاش کریں۔اجلاس میں کہا گیا کہ برصغیر ہندو پاک اور پوری جنوبی ایشائی خطے کے کروڑوں عوام کے آنے والے محفوظ کل کیلئے مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ایک منصفانہ حل حالات کا ناگزیر تقاضا ہے ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے مذاکرات برائے مذکرات سے نہیں بلکہ مسئلہ سے جڑے تینوں فریقین بھارت ، پاکستان اور کشمیری عوام کے مابین ایک بامعنی مذاکراتی عمل سے ہی اس مسئلے کا حل تلاش کیا جاسکتا ہے۔اجلاس میں کہا گیا کہ حکومت ہندوستان کا منفی اور ہٹ دھرمی سے عبارت رویہ اس پورے خطے کوخوفناک جنگ کی تباہ کاریوں سے دو چار کرسکتا ہے۔