سرینگر//سیول سیکریٹریٹ کو ریاست کے اکثریتی طبقہ کے جذبات، خواہشات اور حقوق کا قبرستان قرار دیتے ہوئے انجینئر رشید نے سرینگر میں8مئی کو سرکاری دفاتر کے کھلنے کے موقعہ پر پارٹی کی طرف سے سیول سیکریٹریٹ کی طرف مارچ کرنے اور پُر امن دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے ۔ مجوزہ مارچ ریاست کے مسلم اکثریتی کردار کو ختم کرنے ، نہتے شہریوں پر طاقت کے بے تحاشہ استعمال کرنے ، پی ایس اے کے بل پر سیاسی کارکنوں کو زیر کرنے ،طالب علموں کے خلاف زیادتیاں کرنے اور سرکار کی طرف سے عام لوگوں کو اچھی انتظامیہ تو دور کی بات برائے نام انتظامیہ فراہم کرنے میں ناکامی کے خلاف نکالا جائے گا ۔ عام لوگو ں سے مجوزہ مارچ میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے انجینئر رشید نے کہا کہ اب ریاست کا اکثریتی طبقہ اپنے حقوق کو مسلسل دبائے رکھنے کو لیکر زیادہ دیر خاموش نہیں رہ سکتا ۔ انجینئر رشید نے کہا ـ’’کون نہیں جانتا کہ ریاستی سرکار سیول سیکریٹریٹ کے مقامی بیوروکریٹوں اور وزراء سے نہیں بلکہ وزارت دفاع اور داخلہ کے جونیر درجہ کے افسروں کے علاوہ سیکورٹی ایجنسیاں سیکریٹریٹ ریمورٹ کنٹرول کے ذریعے چلائی جا رہی ہیں۔ انجینئر رشید نے کہا کہ مجوزہ احتجاجی مارچ کا مقصد محبوبہ مفتی اور اُن کے وزراء کو یہ باور کرانا ہے کہ اُن کی طرف سے کشمیریوں کے حقوق کو بے رحمی کے ساتھ کچلنے کی شرمناک کوششوں کا ہر سطح پر مقابلہ کیا جائے گا۔