کنگن //سیاحتی مقام سونہ مرگ میں اے ٹی ایم سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ گذشتہ ماہ سے سیاحوں کی ایک بڑی تعداد سونہ مرگ کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہورہے ہیں لیکن اے ٹی ایم سہولیات دستیاب نہ ہونے کے باعث انہیںمختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑ تا ہے۔ہوٹل مالکان نے اس سلسلے میںکشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ معروف سیاحتی مقام ہونے کے باوجود یہاں بجلی اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہے جس کے نتیجے میں ہوٹل صنعت سے وابستہ افراد کے علاوہ سیاحوں کوبھی مشکلات درپیش ہیں ۔ دہلی کے ایک سیاح ونود کمار نے کہا کہ اے ٹی ایم سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے انہیںسخت پریشانیاں ہوتی ہیں۔ایک مقامی شہری نے کہا کہ انہیں اے ٹی ایم سہولیات کیلئے 22کلو میٹر دور جانا پڑتا ہے ۔بیوپار منڈل سونہ مرگ کے نائب صدر شبیر احمد لون نے بتایا کہ بی ایس این ایل اور ائر ٹیلنے یہاں ٹاور نصب کئے ہیں لیکن ابھی تک کسی بھی کمپنی نے مواصلاتی نظام کو بحال نہیں کیا ہے۔اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر پی ڈی ڈی کنگن نثار احمد نے بجلی کی صورتحال کے سلسلے میں بتایا کہ ایک ہفتے تک بجلی سپلائی مکمل طوربحال کی جائے گی ۔انہوںنے کہا کہ امسال شدید برفباری کے نتیجے میں بیشتر کھمبے اورٹرانسفارمر تباہ ہوگئے جنہیں مرمت کرنے کے لئے مزید ایک ہفتے کا وقت درکار ہے ۔