جموں//گوجربکروال اصلاحی کمیٹی نے نگروٹہ ٹول پلازہ پرگوجربکروالوں پرہوئے حملے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس واقعے میں ملوث ٹول پلازہ کے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کامطالبہ کیاہے۔یہاں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گوجربکروال اصلاحی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری چوہدری اخترحسین نے کہاکہ سرکاری اجازت نامے کے باوجود بھی گوجربکروالوں سے فی ٹرک 5000روپے رشوت طلب کیاجاناغیرقانونی عمل ہے۔انہوں نے کہاکہ تمام طبقوں کی بہبودکیلئے کام کرنے کاریاستی حکومت کادعویٰ کھوکھلاثابت ہواہے۔انہوں نے کہاکہ جموں میں مسلمانوں کاقافیہ حیات تنگ کیاجارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ جموں میں گوجربکروال طبقہ فرقہ پرستوں کے نشانے پرہے اورایسے کئی واقعات رونماہونے کے باوجود حکومت غفلت کی نیندسوئی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ٹول پلازہ پر ٹول پلازہ کے ہی ملازمین نے غنڈہ گردی اورفرقہ پرستی کامظاہرہ کرکے گوجروں کوتشددکانشانہ بنایاہے اورستم ظریفی ہے کہ زخمی گوجربکروالوں کے خلاف ہی پولیس نے معاملہ درج کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ ٹول پلازہ کے غنڈ ہ عناصرکے خلاف فوری طورپرمعاملہ درج کیاجاناچاہیئے کیونکہ انہوں نے رشوت طلب کرکے غیرقانونی کام کرنے کے ساتھ حملہ کیا۔ اخترچوہدری نے ریاستی حکومت سے ٹول پلازہ نگروٹہ میں گوجربکروالوں پرکئے گئے حملے میں ملوث غنڈہ عناصرکے خلاف کارروائی کرنے کامطالبہ کیاہے۔ اس دوران پریس کانفرنس میں چوہدری فرمان علی، چوہدری صادق علی، چوہدری باغ علی، چوہدری فتح حسین کھٹانہ ، اسلم چوہدری، عبدالحمیدچوہدری ودیگران بھی موجودتھے۔