شوپیان+کولگام // زینہ پورہ کے وسیع علاقے میں آپریشن ختم کرنے کے بعد فوج کی ایک پارٹی پر جنگجوئوں نے گھات لگا کر حملہ کیا جس کے باعث گولیوں کا تبادلہ ہوا جس میں فوج کے 3اہلکار اور انکی جانب سے کرایہ پر لی گئی سومو گاڑی کا ڈرائیور زخمی ہوئے۔تاہم ڈرائیور بعد میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔پولیس ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 62آر آر کی ایک گشتی پارٹی میں شامل ایک ٹا ٹا سومو زیر نمبرJK22-1943پر جنگجوئوں نے شوپیان امام صاحب روڑ پرباس کوچھن اور ملک گنڈ کے درمیان گھات لگا کر حملہ کیا جس کے دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جو چند منٹ تک جاری رہا۔یہ حملہ اسی علاقے کے نزدیک کیا گیا جہاں آج بڑے پیمانے پر محاصرہ کیا گیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ فوجی پارٹی محاصرہ میں شامل ہونے کے بعد چودھری گنڈ کیمپ کی طرف جارہی تھی۔شام کے وقت کئے گئے اس حملے میں فوج کے 3اور سومو گاڑی کا ڈرائیور شدید زخمی ہوئے جبکہ جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں سومو ڈرائیور نذیر احمد شیخ ولد عبدالاحد شیخ ساکن کچھ ڈورو زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔ادھر نئی بستی کھڈونی میں جمعرات کی شام محاصرہ کیا گیا جس کے دوران مظاہرین اور فورسز میں شدید جھڑپیں ہوئیں ۔مظاہرین نے فورسز پر شدید پتھرائو کیا جنہیں منتشر کرنے کیلئے شلنگ کی گئی تاہم بعد میں محاصرہ اٹھا لیا گیا۔