سرینگر// ریاست کے چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے کل یہاں سول سیکرٹریٹ کا دورہ کر کے گرمائی دارالخلافہ میں 8؍ مئی سے دفاترکھلنے کیلئے جاری تیاریوں کا جائزہ لیا۔اُن کے ہمراہ ڈائریکٹر ایسٹیٹس اور دیگر افسران تھے۔چیف سیکرٹری کو مطلع کیا گیا کہ سول سیکرٹریٹ کی تجدید کاری اور دیگر تجدید ومرمت کے کام جاری ہے اور دفاتر کھلنے سے قبل ہی مکمل کئے جائیں گے۔انہوںنے مختلف بلاکوں اور دفاتر کا معائینہ کیا جن میں وزیر اعلیٰ اور دیگر وزراء کے دفاتر ،کلرکوں کے لئے مخصوص ہال،میٹنگ اور کانفرنس ہال شامل ہیں اور وہاں جاری انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام تجدیدی کام 8؍ مئی سے قبل مکمل کریں اور ٹیلی فون ، کمپیوٹر اور انٹر نیٹ سہولیت کا بھی انتظام یقینی بنائیں تاکہ سول سیکرٹریٹ میں دفاتر کھلتے ہی معمول کا کام کاج شروع کیا جاسکے۔چیف سیکرٹری نے سول سیکرٹریٹ کی دیدہ ٔذیبی پر زور دیا ۔انہوں نے کمشنر ایس ایم سی کو سیکرٹریٹ عمارت کی ہر منزل میں مطلوبہ تعداد میں کوڈا دان نصب کرنے کی ہدایت دی۔