گاندربل//دیہی ترقی و پنچایتی راج کے وزیر عبدالحق خان نے کہا ہے کہ جواب دہی اور شفافیت موجودہ سرکار کا خاصا ہے اور اس حکومت میں رشوت خورعناصر کے لئے کوئی بھی جگہ نہیں ہے۔وزیر موصوف گاندربل محکمہ دیہی ترقیات کی طرف سے منعقد ہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت میں حکومت نے اختراعی اقدامات کئے ہیں جس کی بدولت حکمرانی کے نظام میں مثبت تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے اور پورے نظام میں ہر ایک شخص کو جواب دہ بنایا گیا ہے۔انہوںنے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بنیاد ی سطح پرعملائے جارہے ترقیاتی پروجیکٹوں کی مو¿ثر عمل آوری میں اپنا رول ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ نچلی سطح پر جمہوری اداروں کو مستحکم کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پنچایت اور گرام پنچایت سبھائیں دیہی علاقوں میں چھوٹے پارلیمنٹ کا رول ادا کرتی ہیں۔انہوںنے کہا کہ پنچایتیں ترقیاتی پروجیکٹوں کو عملانے میں ایک فعال رول ادا کرتی ہے۔وزیر موصوف نے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی متعلقہ حکام کو ہدایات دی ہیں کہ وہ گرام سبھاﺅں کو سنجیدگی سے لیں اور اب لوگوں نے ان سبھاﺅں میں شرکت کر کے فیصلہ سازی کے عمل میں شریک ہونا شروع کیا ہے۔عبدالحق خان نے ڈی سی گاندربل کو ہدایت دی کہ بلاک شیری پتھری کے تلہ باغ پنچایت اور صفاپورہ بلاک میں بھی گرام سبھاﺅں کا انعقاد کریں اوراس بات کو یقینی بنائیں کہ ان سبھاﺅں میں لوگ بڑھ چڑھ کر شرکت کریں۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ پچھلے مالی سال کے دوران محکمہ نے 46.43کروڑ روپے کی لاگت سے 2496ترقیاتی کام ہاتھ میں لئے جن میں سے 2196کام مکمل کئے گئے ۔اس موقعہ پر مزید کہا گیا کہ ضلع میں ایم جی نریگا کے تحت پچھلے مالی سال کے دوران 8.38لاکھ ایام کار پیدا کئے گئے اور اسی مدت کے دوران 35ہزار سے زائد جاب کارڈ بھی اجرا کئے گئے ۔وزیر نے اہداف حاصل کرنے کے لئے محکمہ کو مبارکباد دی ۔میٹنگ میں مزید بتایا گیاکہ پچھلے مالی برس کے دوران آئی اے وائی کے تحت 371مکانات تعمیر کرنے کاکام ہاتھ میں لیا گیا ہے جن میں سے اب تک 247مکانات تعمیر کئے گئے اور ان پر لگ بھگ 84لاکھ رورپے صرف کئے گئے۔میٹنگ میں ڈی سی گاندربل طارق حسین گنائی، ایس پی گاندربل، اے سی ڈی گاندربل اور ضلع کے کئی دیگر افسروں نے بھی شرکت کی۔