پونچھ//حلقہ انتخاب حویلی کے ممبر اسمبلی شاہ محمد تانترے نے پونچھ اور بھدرواہ میں پیش آئے سڑک حادثات پر گہرے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام بالا کو ہدایت کی کہ وہ اِن بڑھتے ہوئے حادثات کی روک تھام کے لئے ضروری اقدامات اُٹھائیں۔ یہاںجاری بیان میں موصوف نے اے۔آر ۔ٹی۔او ز اور ٹریفک پولیس کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ائور لوڈنگ جیسی بدعت کے خاتمے کے لئے سخت سے سخت تر اقدامات اُٹھائیںاور دورانِ سفر فون کا استعمال اور سنگل لین روڈ پر نہایت تیز رفتار گاڑی دوڑانے والے ڈرائیورز کے لائسنس کو منسوخ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار وہ موضع بانڈی چیچیاں کے دور دراز علاقہ چونترا میں ایک عوامی جلسہ کے دوران کر رہے تھے۔ موصوف نے وہاں موجودلوگوں کو بھی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی گاڑیوں میں ائور لوڈ نگ سے پر ہیز کریں تاکہ ایسے حادثات رُونما نہ ہو سکیں۔ اس حادثے میں وفات پانے والے محکمہ تعلیم کے ایک ہونہار اُستاد کی موت پر ممبر اسمبلی نے اُن کے لواحقین کے ساتھ گہری تعزیت ظاہر کی ہے۔ عوامِ بانڈی چیچیاںنے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ موجودہ ممبر اسمبلی کے دور میں عوامی بہبودی کے جوکام ہوئے ہیں وہ پچھلی چھ دہائیوں سے نہیں ہوئے ۔ اس موقعہ پر شمیمہ اختر نے بولتے ہوئے کہا کہ پی۔ڈی۔پی کے دورِ حکومت میں ان کی پنچایت میں قابلِ قدر کام ہوئے ہیں ۔ ایم۔ایل۔اے حویلی نے عوامِ علاقہ کو اپنے ترقیاتی فنڈ سے دو عدد واٹر ٹینک، ایک بجلی ٹرانسفارمر ، تین سو پائپیں اور مختلف موہڑہ جات میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا اعلان کیا۔ انہوں نے عوام کو پھر یقین دلایا کہ وہ عوامی خدمت کے لئے ہر لمحہ وقف ہیں اور وہ کسی بھی وقت اُن کے پاس تشریف لا سکتے ہیں۔ موصوف نے کہا کہ اُن کے گھر اور اُن کے دل کے دروازے اُن کے عوام کی خاطر ہر وقت کُھلے ہیں۔ اس موقعہ پر اُن کے ہمراہ حاجی بشیر احمد خاکی، حاجی محمد یوسف شیخ ، حاجی محمد اقبال شیخ ، میر حُسین بھٹی، محمد حُسین بھٹی، مولوی محمد لطیف، محمد اسلم وغیرہ بھی موجود تھے۔