سرینگر// حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے شوپیان میں ایک سومو ڈرائیور کی ہلاکت پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے ہلاکت کیلئے فوج کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔گیلانی کے مطابق فوج نے آپریشن کے دوران ایک نہتے شہری کو بیگار کے طور پر اپنے ساتھ لیا اور اس کی گاڑی کو بھی اپنی تحویل میں رکھا تھا۔گیلانی نے کہا کہ یہ شہریوں کو انسانی ڈھال بنانے کے مترادف ہے اور اس طرح کی کارروائی جنگی جرائم کے زمرے میں شامل ہے۔ گیلانی نے فوج کے اس موقف پر بھی سوال اٹھایا، جس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں درجنوں فوجیوں کے بجائے صرف ایک سول شہری ہی نشانہ بنا ہے اور اسی کی جان چلی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عسکریت پسندوں کا بدلہ عام شہریوں سے لینا فوج کا معمول بن گیا ہے اور شوپیان میں پیش آئے واقعہ کے بارے میں بھی اس امکان کو مسترد نہیں کیا جاسکتا ہے۔