سرینگر //ہنگامی حالات میں فرائض کی ادائیگی کیلئے طبی اور نیم طبی عملے کے رول کی سراہنا کرتے ہوئے صحت و طبی تعلیم کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے مریضوں میں اعتماد کی بحالی اور بہتر طبی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ان باتوں کا اظہار وزیر موصوفہ نے شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں امراضِ قلب کے شعبے کی جانب سے منعقدہ 21 ویں پوسٹ گریجویٹ پروگرام میں کیا۔آسیہ نقاش نے اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد کیلئے مذکورہ شعبے کی کوششوں کی سراہنا کی۔ اُنہوںنے اُمید ظاہر کی کہ یہ پروگرام نہ صرف مریضوں بلکہ نوجوان پوست گریجویٹ ڈاکٹروں کے لئے مفید اور سود مند ثابت ہوگا۔اُنہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے ڈاکٹروں اور محققین کو آپسی تجربات بانٹنے کا موقعہ فراہم ہوگا اور اس طرح اُن کی معلومات میں اضافہ ہوگا۔آسیہ نقاش نے کہا کہ اسی طرح کے پروگرام بین الاقوامی سطح پر منعقد کئے جانے چاہئیں تاکہ ان سے بہتر فوائد حاصل کئے جاسکیں۔وزیر موصوفہ نے طالب علموں پر زور دیا کہ وہ میڈکل سائنس کے میدان میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بروئے کار لائیں۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے سکمز صورہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اے جی آہنگر نے کہا کہ ایک مریض سے دوسرے مریض کو نہ لگنے والی بیماریوں کی وجہ سے اموات کا رونما ہونا ماہرین کے لئے باعثِ تشویش معاملہ ہے اور ماہرین کو اس پر قابو پانے کیلئے اپنی کوششوں میں تیزی لانی چاہئے۔انہوںنے کہا کہ اس سلسلے میں تحقیق کے عمل میں بھی بہتری لانا بھی حالات کا تقاضا ہے۔