پونچھ//بھینچ کی عوام کی جانب سے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جہاں لوگوںنے اس بات پر شدید ناراضگی کااظہار کیاگیاکہ کنوئیاں تا بھینچ چند کلو میٹر سڑک کا تعمیراتی کام التوا میں رکھا جا رہا ہے۔لوگوں کا کہنا تھا کہ کئی سال قبل اس سڑک کی تعمیرکا کام شروع کیا گیا تھا، اس دوران سڑک کا زمینی کام مکمل کرنے کے کچھ حصہ پر تارکول بھی بچھائی گئی لیکن پھر اچانک سے کام بند کر دیا گیا ۔کچھ لوگوںنے کہا کہ وہ طالب علمی کے زمانے سے اس سڑک کو اسی حالت میں دیکھ رہے ہیں ، انہیں ایسا لگ رہا ہے کہ ان کے بچوں کی اولاد کو بھی سڑک کی ایسی ہی حالت دیکھناپڑے گی ۔ محمد اسلم نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ وہ لوگ تمام لیڈران اور ممبران قانون سازیہ سے بارہا اپیل کر چکے ہیں کہ اس سڑک کا تعمیراتی کام شروع کرواکر اسے مکمل کروائیں لیکن تمام لیڈران یقین دہانی کے بعد ان کو بھول جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس ترقی یافتہ دور میں جب لوگ اپنے گھروں کے اندر بھی گاڑیوں میں داخل ہونا پسند کرتے ہیں ،وہ قدیم طرز کی زندگی گزارتے ہوئے کئی کئی کلو میٹر سخت ترین اور پہاڑی راستے اپنے سروں پر پچاس پچاس کلو بوجھ اٹھا کر طے کرنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے اپیل کی کہ وہ ذاتی مداخلت کر کے پونچھ انتظامیہ کو ہدایت کریں کہ وہ اس سڑک کو جلد از جلد مکمل کروائیں تاکہ ان لوگوں کو راحت ملے۔