چوکی بل( کپواڑہ)// سرحدی ضلع کپواڑہ میں معروف مقام بنگس وادی کو ہمالین بائیو سفیئر وادی کے بطور ترقی دی جارہی ہے اور اس مقصد کے لئے 15کروڑ روپے کی رقم خرچ کی جارہی ہے۔اس بات کی جانکاری یہاں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو دی گئی جو بنگس ۔درنگیاری سرکٹ کو ترقی دینے اور ان مقامات کی جانب زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے کے اقدامات کا جائزہ لے رہی تھیں۔بنگس اور توسہ میدان کو وادی میں مستقبل کے سیاحتی مقامات قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے اس برس موسم گرما کے وسط میں بنگس وادی میں ٹور آپریٹروں اور دیگرمتعلقین کی شرکت کو یقینی بناتے ہوئے ایک سیاحتی میلہ منعقد کرانے کی ہدایت دی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے بنگس کی سیاحتی وسعت کو فروغ ملنے کے ساتھ ساتھ یہاں سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوگا۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ بنگس وادی میں ریاست کے سکولی بچوں کے ایکسکرشن اور مقامی لوگوں کی سیاحت کو بھی یقینی بنانا چاہئے ۔ اس سلسلے میں انہوں نے محکمہ سیاحت کو ہدایت دی کہ بنگس وادی کی سیر پر آنے والے سکولی بچوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ وادی بنگس کو محکمہ سیاحت کی جانب سے ہمالین بائیو سفیئر ویلی کے بطور ترقی دی جارہی ہے اور پروگرام کے تحت اس وادی میں کوئی بھی کنکریٹ ڈھانچہ تعمیر نہیں کیا جائے گا بلکہ تعمیراتی عمل میں مقامی طرزِ تعمیر اور تمدن کو ملحوظ نظر رکھا جائے گا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ بنگس وادی ایکو ایڈونچر اور تمدنی سیاحت کی سہولیات دستیاب رکھی جائیں گی۔محبوبہ مفتی کو جانکاری دی گئی کہ محکمہ سیاحت بنگس وادی کے ملحقہ علاقوں بشمول خمریال ، ریشی واری ، ہندواڑہ ، کپواڑہ ، چنڈی گام، چھوٹی پورہ ،وتہ ین ،لولاب اور دیگر علاقوں میں مطلوبہ سیاحتی ڈھانچے اور سیاحتی اطلاعاتی مراکز قائم کررہا ہے اور اس برس اس کام پر 15کروڑروپے خرچ کئے جارہے ہیں۔دیہی ترقی کے وزیر عبدالحق خان ، رُکن پارلیمان فیاض احمد میر، ارکان قانون سازیہ بشیر احمد ڈار اورراجا منظور، سیکرٹری سیاحت فاروق احمد شاہ اور ضلع انتظامیہ کے دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔بعد میں وزیر اعلیٰ نے مژھل کا دورہ کر کے ماڈل ولیج کا افتتاح کیا اور وہاں ایک عوامی اجتماع سے خطاب بھی کیا۔ اس دوران محبوبہ مفتی نے چوکی بل ، لدروَن ،جوروَن اور جمہ گنڈ میں کئی عوامی وفود سے ان کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ لوگوں نے بجلی سپلائی میں بہتری اور تمینا پُل کی فوری تکمیل کا مطالبہ کیا۔وزیرا علیٰ نے افسران کو لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت دی۔