گندو//پی ڈی پی کے ضلع صدرکشتواڑشیخ ناصر اور ضلع صدر ڈوڈہ شہاب الحق بٹ نے پارٹی کے متعدد یگر عہدیداران کے ہمراہ بھلیسہ کے بٹیاس اور ملک پورہ بازاروں کا دورہ کر کے وہاں آگ وارداتوں سے ہوئے نقصان کا جائزہ لیا اور متاثرہ کنبوں کے ساتھ ملاقات کر کے اُن کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور اُنہیں اپنے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ دونوں لیڈران نے ریاستی وزیرِ اعلیٰ محبوبہ مفتی اور وزیر برائے امداد و بازآباد کاری عبدالرحمن ویری کی ہدایت پر آگ وارداتوں میں خاکستر ہوئے بازاروں کا دورہ کیا اور متاثرین کے ساتھ ملاقات کر کے اُنہیں حکومتی امداد کی یقین دہانی کرائی۔ متاثرین کے ساتھ بات کرتے ہوئے شیخ ناصر اور شہاب الحق بٹ نے کہا کہ محبوبہ مفتی کی قیادت والی ریاستی حکومت نے پہلے ہی ضلع انتظامیہ کو دونوں جگہوں کے آگ متاثرین کے درمیان امداد تقسیم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ یہاں اُنہیں معلوم ہوا ہے کہ انتظامیہ نے ابھی تک متاثرین کو کوئی امداد فراہم نہیں کی ہے یہاں تک کہ ریڈ کراس فنڈ سے بھی اُنہیں ابھی تک کچھ نہیں دیا گیا ہے جس سے انتظامیہ کی بے حسی اور غیر سنجیدہ پن کا پتہ چلتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ امداد کی تقسیم میں تاخیر کی ذمہ دار حکومت نہیں ہے بلکہ یہ ضلع انتظامیہ کی ناکامی ہے جو ابھی تک ریڈکراس فنڈ میں سے فوری طور دی جانی والی امداد بھی تقسیم نہیں کر پائی ہے۔دونوں لیڈران نے ریاستی وزیر برائے امداد و بازآباد کاری عبدالرحمن ویری سے ٹیلی فون پر بات کر کے اُنہیں زمینی صورتِ حال اور انتظامیہ کی لاپرواہی اور اپنی تشویش سے آگاہ کیا۔ ریاستی وزیر نے جواب میں کہا کہ متاثرین کے لئے امداد منظور کی جا چکی ہے اور اس سلسلہ میںاُنہوں نے چیف سیکریٹری سے بات کی ہے جنہوں نے حتمی منظوری کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔دونوں لیڈران نے متاثرین کو بتایا کہ وہ ریاستی وزیرِ اعلیٰ محبوبہ مفتی اور متعلقہ وزیر کے ساتھ رابطے میں ہیں اور اُن کی یہ کوشش ہے کہ متاثرین کو زیادہ سے زیادہ امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔دریں اثناء دونوں لیڈران نے کاہراہ اور بٹیاس میں پارٹی کارکنان کے ساتھ میٹنگیں منعقد کر کے تنظیمی امورات اور سرگرمیوں کے بارہ میں تفصیلی گفتگو کی۔اُنہوں نے پارٹی کارکنا ن کو ہدایت کی کہ وہ زمینی سطح پر لوگوں سے جڑے رہیں اور ضرورت مندوں کے لئے اپنی دستیابی کو یقینی بنائیں۔اس دوران پارٹی کے ضلع سیکریٹری عبدالکبیر بٹ،نائب صدرِ ضلع عبدالرحمن کشمیری،بلاک صدر کاہراہ محبوب احمد،بلاک صدر درابشالہ محمد حنیف شیخ،بلاک صدر بونجواہ عابد ملک،یوتھ ضلع جنرل سیکریٹری سجاد احمد کھوکھر اور پارٹی کے سینئر کارکنان اسرار حسین،سجاد احمد ہرگاہ،وسیم ٹاک،تنویر احمد،عبدالطیف بٹ،مشتاق احمد کوکا،الفاد حسین،اعجاز پڑے،شاہنواز میر اور شاہنواز پڑے بھی شیخ ناصر اور شہاب الحق بٹ کے ہمراہ تھے۔