نئی دہلی//کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے اڑیسہ میں پارٹی کی واپسی کے لئے لیڈروں سے متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے آج ریاست سے منسلک پارٹی لیڈروں سے تبادلہ خیال کیا۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ میں مسٹر گاندھی نے 2019میں ہونے والے عام انتخابات اور ریاستی اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی واپسی کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے لئے انہوں نے سب سے پہلے پارٹی لیڈروں کے درمیان اختلافات ختم کرنے کی اپیل کی۔ ذرائع کے مطابق میٹنگ میں پارٹی کے ریاستی صدر پرساد ہری چندن، سینئر لیڈر نرنجن پٹنائک اور بھکت چرن داس کے علاوہ اڑیسہ سے پارٹی کے راجیہ سبھا رکن اور تمام ممبران اسمبلی نے شرکت کی۔ ریاستی اسمبلی میں پارٹی کے 16 ممبران اسمبلی ہیں۔ مسٹر پٹنائک اور مسٹر داس کو پارٹی کی کمان سونپے جانے کی خبریں ہیں۔ گزشتہ ہفتے مسٹر نرنجن نے یہاں پارٹی کے نائب صدر سے ملاقات کی تھی اور انہوں نے بھونیشور واپسی پر صحافیوں سے کہا تھا کہ مسٹر گاندھی جلد ہی پارٹی لیڈروں کی میٹنگ کریں گے ۔ اس کے بعد ان قیاس آرائیوں کا دور تیز ہو گیا ہے کہ انہیں پارٹی کی کمان سونپی جا سکتی ہے ۔یو این آئی