کولمبیا/ ایک خاتون نے اپنے سابقہ شوہر کو رقم دینے کی بجائے اس کے نوٹ اپنے پیٹ میں اتارلیے اور یہ عمل انہیں مہنگا پڑگیا کیونکہ انہیں معدے کی شدید تکلیف کے باعث ہسپتال لے جایا گیا جہاں ایک طویل آپریشن کے بعد ان میں سے کئی نوٹ نکال لیے گئے جبکہ باقی رقم بڑی آنت تک پہنچ گئی جو دھیرے دھیرے فضلے کے ساتھ باہر آگئی۔یہ واقعہ کولمبیا کے شہر بوکارامانگا میں پیش آیا جہاں ایک خاتون سینڈرا میلینا المیڈا نے ہسپتال آکر اپنے معدے میں درد کی شکایت کی۔ ایکس رے کے بعد خاتون کا فوری طور پر آپریشن کیا گیا اور معدہ دیکھتے ہیں ہی ڈاکٹر حیران رہ گئے کہ وہاں 100 ڈالر کے بہت سے نوٹ لپٹے پڑے تھے۔ چھوٹی آنت سے رقم کا بڑا حصہ برآمد کرلیا گیا لیکن بڑی آنت میں جانے کے بعد نوٹ تیزی سے ہاضمے کا حصہ بن گئے اور ڈاکٹروں کے مطابق وہ وقت کے ساتھ ساتھ فضلے سے خارج ہوجائیں گے۔ڈاکٹروں نے 5 ہزار 7 سو ڈالر کی رقم برآمد کرلی جو پاکستانی 5 لاکھ 70 ہزار روپے بنتی ہے۔ اس کے بعد ڈاکٹروں نے پولیس کو بلایا جس نے خاتون سے تفتیش کی۔ اس پر خاتون نے بتایا کہ اس نے بہتر زندگی کے لیے پاناما جانے کے لیے کچھ رقم جمع کی تھی جو 9 ہزار ڈالر تھی۔ اس کے بعد اس کا شوہر نہ صرف اس سے الگ ہونے پر اصرار کرتا رہا بلکہ وہ رقم میں سے آدھی کا تقاضا بھی کر رہا تھا۔اس پر طیش میں آکر خاتون نے سو سو ڈالر کے نوٹ اپنے پیٹ میں اتارلیے جو ربر بینڈ باندھ کر لپیٹے گئے تھے۔ اس طرح خاتون مزید 3300 ڈالر سے بھی محروم ہوگئیں۔