سرینگر//سرینگر میں آگ کی ایک واردات میں 2رہائشی مکان جل کر خاکستر ہوگئے ہیں جبکہ ایک مکان کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔سرینگر کے گھنی آبادی والے ڈل گیٹ بازار میں آگ کی ایک ورادت میں 2رہائشی مکان مکمل طور خاکستر ہوگئے ہیں جبکہ ایک مکان کو جزوی طورنقصان ہوا ہے ۔عینی شاہدین کے مطابق غلام محمد گوجری نامی شخص کے مکان سے 2بجکر 15منٹ اچانک آگ نمودار ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے قریبی رہاشی مکانوں میں پھیل گئی ۔ انہوں نے کہا کہ آگ کے دوران گیس سلینڈر کے پھٹنے کی آوازیں بھی سنی گئی ۔ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اکبر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’ دوپہر بعد ڈل گیٹ کے ایک مکان میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی جس پر محکمہ فوری طور متحرک ہوا۔انہوں نے کہا کہ چونکہ آگ ایک گنجان علاقے میں لگی تھی اور اسے مزید پھیلنے سے روکنے کے لئے 12 فائر اینڈ ایمرجنسی کی گاڈیاں شہر کے مختلف علاقوں سے وہاں پہنچیں اور آگ پر قابو پالیا ۔