سرینگر// حریت (ع)نے سانحہ خانیار کی 27ویں برسی کے موقعے پر خانیار میں ایک پر وقار دعائیہ مجلس کا اہتمام کیا جس میں اور لوگوں کے علاوہ متعدد حریت رہنمائوں جن میں غلام نبی زکی ، غلام قادر بیگ، مشتاق احمد صوفی، عبدالمجید وانی ، محمد شفیع خان، ایڈوکیٹ یاسر دلال ، پیر غلام نبی ، محمد یوسف بٹ ، حبیب اللہ رنگریز ، محمد سعید دیدمری ، فاروق احمد متو ، ایم وائی مسعودی وغیرہ شامل ہیں نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے حریت قائدین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اُن کے خون سے مزین مشن کو ہر سطح پر تکمیل کے مرحلے تک لے جانے کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔ دریں اثنا حریت ترجمان نے بڈگام ، پلوامہ ، قلم آباد لنگیٹ ، سرینگر ، زینہ کوٹ اور ترال میں پر امن احتجاجی طلبہ پر پولیس اور فورسز کی پرتشدد کاروائیوں اور متعدد طالبعلموں کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی حکمرانوں نے یہاں کے تعلیمی اداروں کے تقدس کو پامال کرنے کے ساتھ ساتھ طالب علموں کے خلاف باضابطہ ایک جنگ چھیڑ دی ہے ۔