ٹانٹا گندو پولیس چوکی پر پر اسرار فائرنگ،2ایس پی او شدید زخمی

Kashmir Uzma News Desk
3 Min Read
 
گندو//پولیس تھانہ گندو کے دائرۂ کار میں آنے والی ایک پولیس پوسٹ میں فائرنگ کے ایک پر اسرار واقع میں دو ایس پی او شدید طور زخمی ہوئے ہیں جنہیں جموں منتقل کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق تحصیل کاہراہ کے ٹانٹا گائوں میں قائم پولیس پوسٹ میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب دو بجے نا معلوم افراد نے دس سے بارہ گولیاں فائر کیں جس وجہ سے ککر سنگھ اورمحمد یونس نامی دو ایس پی اوز شدید طور زخمی ہوئے ہین جن میں سے ایک کی گردن اور دوسرے کے پیٹ میں گولی لگی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق دونوں ایس پی اوز ڈیوٹی پر تعینات تھے جہاں اُن پر فائرنگ کی گئی جب کہ مقامی لوگوں کے مطابق پولیس پوسٹ میں صرف مذکورہ دو ایس پی اوز موجود تھے جو دونوں ایک کمرے میں سوئے ہوئے تھے کہ نا معلوم افراد نے کھڑکی سے اُن پر فائرنگ کی ۔ دونوں کو فوری طور سی ایچ سی ٹھاٹھری لایا گیا جہاں سے ابتدائی مرہم پٹی کے بعد اُنہیں ڈوڈہ اور بعدہٗ وہاں سے جموں منتقل کیا گیا ہے۔ فائرنگ کے واقع کے بعد بھاری تعداد میں پولیس اور فوج علاقہ میں پہنچ گئی ہے اور تلاشی کاروائی کے ساتھ ساتھ لوگوں سے پوچھ تاچھ کی سلسلہ بھی جاری ہے۔دریں اثناء زونل آئی جی پولیس جموں ایس ڈی سنگھ جموال نے ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر کے ہمراہ پیر کے روز بعد دوپہر مذکورہ پولیس پوسٹ کا دورہ کر کے صورتِ حال کا جائزہ لیا اور واقعہ کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔  اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ گذشتہ رات دو بجے نا معلوم افراد نے پولیس پوسٹ ٹانٹا میں ڈیوٹی پر تعینات اہلکاران پر فائرنگ کی جس وجہ سے دو اہلکاران شدید طور زخمی ہوئے ہیں جنہیں ڈوڈہ سے بذریعہ ہوئی جہاز جموں منتقل کیا گیا ہے جہاں ایک کا آپریشن ہو چکا ہے اور دوسرے کا جاری ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اس وقعہ کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔اس بات کی تحقیقات کی جا رہی ہے کہ یہ اتفاقی حادثہ تھا ،کوئی شرارت تھی یا اس کے پیچھے کوئی اور کہانی کارفرما ہے۔ ہماری توجہ ابھی زخمی ہونے والے ایس پی اوز کے علاج پر مرکوز ہیں جس کے بعد اس معاملہ کی صحیح صورتِ حال واضح ہو سکے گی اور اور جو کوئی بھی اس میں ملوث ہوا اُس کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔اُنہوں نے کہا کہ ابھی اڑھائی ماہ قبل ہی اُنہوں نے زونل آئی جی جموں کا عہدہ سنبھالا ہے اور آج کا اُن کا ڈوڈہ کا دورہ پہلے سے ہی طے تھاجس دوران یہ واقعہ بھی پیش آیا۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *