سرینگر //تصدق حسین کو وزیر اعلیٰ کا مشیر اعلیٰ بنانے کے قوی امکانات ہیں۔ پارلیمانی حلقہ انتخاب اننت ناگ کے سابق نامزد اُمیدوار اور محبوبہ مفتی کے برادر تصدق حسین کو وزیر اعلیٰ کا مشیر اعلیٰ بنا یا جارہاہے اور موصوف کو وزیر کا درجہ بھی حاصل ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ دو روز کے اندر جنرل ایڈمنسٹریٹو ڈیپارٹمنٹ اس سلسلے میں باضابطہ احکامات صادر کررہا ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ محکمہ سیاحت کے عملی طور وزیر ہونگے،اس وقت سیاحت کا محکمہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے پاس ہے۔دریں اثناء ریاست کے سا بق ڈپٹی ڈائر یکٹر پراسکیوشن ایڈ وکیٹ سید باری اندرابی آ ف پر چھل پلوامہ کو جموں وکشمیر کیبل کار کارپوریشن کا وائس چیئر مین بنادیا گیا ہے۔نیشنل کانفرنس ترجمان جنید عظیم متو نے کہا کہ پی ڈی پی وزیر اعلیٰ نے پہلے اپنے برادر کی بازآباکاری اننت ناگ پارلیمانی حلقہ انتخاب سے ضمنی انتخابات میں حصہ لیکر کرنے کی کوشش کی لیکن جب پی ڈی پی والوں نے اپنی شکست پہلے ہی بھانپ لی تو اُمیدوار نے راہ فرار اختیار کی۔ ترجمان نے کہا کہ محبوبہ مفتی کو اپنے اہل خانہ کی طرف سے اپنے برادر کو مشیر اعلیٰ بنانے کیلئے انتہائی دبائو کا سامناہے کیونکہ انہیں بھی اب محبوبہ مفتی پر بھروسہ نہیں رہا۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے ذریعے بھائی کی بازآبادکاری میں ناکامی کے بعد اب پی ڈی پی وزیر اعلیٰ چور دروازے موصوف کو مشیر اعلیٰ بنا کر وزیر کا درجہ دینے جارہی ہیں۔