سرینگر//شہرہ آفاق جھیل ڈل میں اقوام متحدہ کے چوتھے’’عالمی سڑک تحفظ ہفتے‘‘ کی مناسبت سے شکارہ ریلی کا انعقاد کیا گیا،جس میں60شکاروں نے شرکت کی۔ کشمیر روڑ سیفٹی فائونڈیشن نے کشمیر پیپلز الائنس کے اشتراک سے اس ریلی کا انعقاد کیا تھا۔شکارہ ریلی کے انعقاد کا مقصد محفوظ آبی ٹرانسپورٹ مہم کیلئے کیا گیا تھا۔بلیواڈا روڑ پرجھیل ڈل کے گھاٹ نمبر4سے دن کے اڈھائی بجے اس شکارہ ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا،جو نہرو پارک اور ڈلگیٹ تک آبی سفر کرتی رہیں۔اس موقعہ پر رضاکارانہ تنظیم کشمیر روڑسیفٹی فائونڈیشن نے آگاہی سے متعلق پرچے بھی تقسیم کئے جبکہ بلیواڈروڑپر راہگیروں کیلئے دستخطی مہم بھی شروع کی۔ منتظمین نے بتایا کہ اس روڑ سیفٹی ہفتے کے انعقاد کرنے کا مقصد لوگوں کو روڑ سیفٹی سے متعلق آگاہ کرنا ہے۔تقریب میں رور سیفٹی کے موضوع پر ڈرائنگ اور مصوری کا مقابلہ بھی طلاب کے درمیان ہوا۔